Time 28 نومبر ، 2017
دنیا

شہزادہ ہیری سے شادی کے بعد میگھن برطانوی شہریت اختیار کریں گی

برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری سے شادی کے بعد امریکی اداکارہ میگھن مارکلے برطانوی شہریت اختیار کریں گی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کا کہنا ہے کہ میگھن مارکلے نے ارادہ ظاہر کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد برطانوی شہریت حاصل کریں گی اور جب تک وہ برطانوی شہریت حاصل نہیں کرتیں امریکا کی شہریت ان کے پاس رہے گی۔

شاہی خاندان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بات واضح نہیں کہ آیا شادی کے بعد میگھن مارکلے امریکی شہریت سے دستبردار ہوجائیں گی یا پھر دہری شہریت رکھیں گی کیوں کہ شہریت کے حصول میں کئی برس لگتے ہیں۔

شہزادہ ہیری اور میگھن کی شادی ونڈسر کیسل میں ہوگی

شاہی خاندان کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکلے کی شادی کی تقریب آئندہ برس مئی میں ونڈسر کیسل میں منعقد ہوگی۔

برطانوی شاہی محل کا کہنا ہے کہ لندن کے مغرب میں واقع شاہی رہائش گاہ ’’ونڈسر‘‘ پرنس ہیری اور میگھن کے لیے بہت ہی خاص جگہ ہے لہٰذا یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان دونوں کی شادی کی تقریب بھی یہیں منعقد کی جائے گی۔

میگھن مارکلے شہزادی نہیں کہلائیں گی

امریکی اداکارہ میگھن مارکلے برطانوی شہزادہ ہیری سے شادی کے باجود ’’شہزادی میگھن‘‘ نہیں کہلائیں گی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی رگوں میں ’’شاہی خون‘‘ موجود نہیں یعنی ان کا تعلق کسی شاہی خاندان سے نہیں ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ شہزادہ ہیری سے شادی کے باوجود سرکاری طور پر میگھن مارکلے شہزادی میگھن نہیں بلکہ ’’پرنسز ہیری آف ویلز‘‘ کہلائیں گی جیسا کہ ہیری کے بڑے بھائی ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کو شہزادی ولیم آف ویلز کہا جاتا ہے۔

اسی طرح لیڈی ڈیانا کو بھی کبھی سرکاری طور پر شہزادی ڈیانا کا اعزاز نہیں مل سکا اور انہیں پرنسز آف ویلز کہا جاتا تھا۔

شہزادہ ہیری، آنجہانی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے ہیں، ان کے بڑے بھائی پرنس ولیم کی شادی کیٹ مڈلٹن سے ہوئی اور ان کے دو بچے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ پرنس ہیری اور 36 سالہ اداکارہ میگھن مارکلے ایک دوسرے کے قریبی دوست ہیں اور گزشتہ روز شاہی محل نے ان کی منگنی کی بھی تصدیق کی تھی۔

مزید خبریں :