Time 11 دسمبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

دلیپ کمار کی 95 ویں سالگرہ پشاور میں بھی منائی گئی

لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی 95 ویں سالگرہ آبائی علاقے پشاور میں بھی منائی گئی۔

برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر پشاور پریس کلب میں تقریب منعقد کی گئی۔

سالگرہ کی تقریب میں دلیپ کمار کے مداحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جب کہ  سالگرہ کا کیک کاٹ کر ان کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

سالگرہ تقریب سے ٹیلی فونگ خطاب کرتے ہوئے دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے  ان کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے والوں کا شکر یہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار پشاور اور ان کے لوگوں سے بہت محبت رکھتے ہیں اور آپ کی دعاؤں سے صحت یاب ہو کر وہ خود بات کریں گے۔

تقریب کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت کی فضاء قائم ہوگی۔

 یاد رہے کہ دلیپ کمار 11 دسمبر 1922ء کو پشاور کے ایک قدیمی محلہ خداداد میں پیدا ہوئے اور ان کا بچپن اسی شہر کی گلیوں میں گزرا۔

تاریخی قصہ خوانی بازار سے متصل محلہ خداداد کی گلیوں میں آج بھی دلیپ کمار کو ان کے اصل نام یوسف خان سے یاد کیا جاتا ہے۔

دلیپ کمار کو پشاور کا قہوا بہت پسند تھا اور پشاور میں ان کے مداح دلیپ کمار کی ہر سالگرہ بڑی چاہت سے مناتے ہیں۔

فلم 'جوار بھاٹا' سے فنی سفر کا آغاز کرنے والے دلیپ کمار نے 'انداز'، 'مغل اعظم'، 'نورجہاں' اور 'کرانتی' جیسی فلموں میں یادگار اداکاری کی، جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ 

مزید خبریں :