پاکستان
Time 19 دسمبر ، 2017

عمران خان کی ’’غیر مصدقہ ٹوئیٹ‘‘ ہزیمت کا باعث بن گئی


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بغیر تصدیق غلط معلومات ٹوئیٹر پر شیئر کردیں جو ان کے لیے ہزیمت کا باعث بن گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ٹوئیٹر پر شیئر کیے جانے والے ایک پیغام میں انہوں نے جو حوالے دیے اور تصاویر جاری کیں وہ جعلی نکلیں، دبئی میں موجود ایک صحافی نے جب عمران خان کی نشاندہی اس جانب کرائی تو عمران خان نے ٹوئیٹ اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے سوشل میڈیا پر کرپشن کے خلاف ایک پوسٹ شیئر کی اور لکھا کہ حال ہی میں انتقال کرنے والی ماضی کی فلم ادکارہ اور موجودہ سیاست دان ’’ششی کلا‘‘ کے گھر سے سونے کا ذخیرہ اور کرنسی نوٹ ملے ہیں۔

عمران نے مزید لکھا کہ ’’غریبوں کا چوری کیا گیا پیسہ کوئی ساتھ نہیں لے جاتا،، پیچھے چھوڑجاتا ہے‘‘۔

کچھ دیر یہ ٹوئیٹ عمران خان کے پیج کی زینت بنا رہا تاہم جیسے ہی انھیں غلطی کا احساس ہوا انہوں نے ٹوئیٹ ڈیلیٹ کردیا۔

آئیں آپ کو بتاتے ہیں کہ عمران خان نے جو ٹوئیٹ کی اس میں غلطیاں کیا تھیں؟

عمران خان نے انتقال کرنے والی سیاست دان کا نام ’’ششی کلا‘‘ لکھا جبکہ حال ہی میں تامل ناڈو کی جن سیاست دان کا انتقال ہوا وہ ’’جے للیتا‘‘ تھیں۔

اگر عمران نے بھارتی ریاست تامل ناڈو کی سیاست دان جے للیتا کی قریبی ساتھی ’’سسی کلا‘‘ کا نام اپنی ٹوئیٹ میں لکھا تو وہ زندہ ہیں اور آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے جرم میں 4 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

عمران خان نے اپنے پیغام کے ساتھ چار تصویریں بھی شیئر کیں، آئیے اب آپ کو ان کی حقیقت بھی بتاتے ہیں۔

یہ تصویریں ’’ششی کلا‘‘ یا ’’سسی کلا‘‘ یا ’’جے للیتا‘‘ کے گھر میں سرنگ سے نکلنے والے سونے یا کرنسی نوٹوں کی نہیں ہیں بلکہ دہلی میں اسٹاک بروکر کے گھر پر چھاپے اور ممبئی میں بینک ڈکیتی کے دوران لی گئی تصویریں ہیں۔

مزید خبریں :