,
Time 22 دسمبر ، 2017
پاکستان

بیگم کلثوم نواز آئندہ ماہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی

لاہور کے حلقے این اے 120 میں  17 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بیگم کلثوم نواز کامیاب قرار پائی تھیں—۔فائل فوٹو

لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 120 سے منتخب ہونے والی بیگم کلثوم نواز آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں قومی اسمبلی کے 51 ویں سیشن کے دوران اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گی۔

جنگ اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں کیموتھراپی کے تین مراحل سے گزرنے والی سابق خاتون اول کلثوم نواز کی حالت بہتر ہے۔

انہیں کیموتھراپی کے 6 سے 8 مراحل سے گزرنے کا مشورہ دیا گیا تھا، تاہم بتایا گیا ہے کہ ضرورت محسوس ہونے پر انہیں صرف ایک مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔

ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی آمد کے موقع پر لاہور کے لوگ ان کا استقبال کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈاکٹرز انہیں سفر کی اجازت دیں گے، مریم نواز ان کی آمد کے شیڈول کا اعلان کریں گی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ واپسی پر بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ان کی بیٹی مریم نواز ساتھ ہوں گی۔

قومی اسمبلی کا سیشن 11 جنوری سے شروع ہوگا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سیشن پرسکون رہے گا کیونکہ حکومت نے فاٹا کا معاملہ پہلے ہی طے کر لیا ہوگا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی لاہور کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) نے بیگم کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا تھا۔

جس کے بعد 17 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بیگم کلثوم نواز کامیاب قرار پائی تھیں جبکہ تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔


مزید خبریں :