فلم ’پدماوت‘ سے 300 مناظر نکالے جائیں گے

فلم 'پدماوت' کے ریلیز ہونے والے ایک گانے کا منظر—اسکرین گریب

انوراگ کشیب کی بالی وڈ فلم 'اڑتا پنجاب' کو 89 مناظر نکالنے کی شرط کے ساتھ ریلیز کی اجازت دی گئی تھی، لیکن سنجے لیلا بھنسالی کی تنازعات میں پھنسی فلم 'پدماوت' (سابقہ پدماوتی) سے 300 کے قریب مناظر نکالے جائیں گے۔

گذشتہ ماہ کے آخر میں بھارت کے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) نے فلم ’پدماوتی‘ کے حوالے سے اٹھنے والے تنازعات کے بعد مشروط طور پر فلم کو ریلیز کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

سی بی ایف سی کی جانب سے فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کو سب سے پہلے 'پدماوتی' کا نام تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا، جس کی بنا پر اس کا نام ’پدماوت‘ رکھ دیا گیا۔

 بھارتی انٹرٹینمنٹ نیوز ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق سی بی ایف سی کی جانب سے یہ ہدایت بھی جاری کی گئی کہ فلم میں شامل دہلی، چتورگڑھ اور میور کے حوالوں سے متعلق مناظر کو بھی نکال دیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق فلم میں ایسے کم از کم 300 مناظر ہیں، جنہیں کٹ کرنے سے فلم میں بڑی تبدیلی آجائے گی۔

فی الحال فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی ان ہدایات کی روشنی میں راجکمار اسٹوڈیوز میں تیزی سے کام میں مصروف ہیں تاکہ رواں ماہ 25 جنوری کو ہی فلم کی ریلیز یقینی بنا سکیں۔

فلم 'پدماوت'کے مرکزی کرداروں میں دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور شامل ہیں۔ 

مزید خبریں :