پاکستان
Time 10 جنوری ، 2018

قصور میں مظاہرین پر پولیس فائرنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، عمران خان

— فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قصور میں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ زینب کے واقعے پر ساری قوم صدمے میں ہے اور یہ دکھ ان کا ہی نہیں جن کی بیٹی تھی بلکہ پورے پاکستان کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غم و غصے کا اظہار کرنے والے مظاہرین پر پنجاب پولیس نے گولیاں چلائی ہیں جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ’’کیا یہ لوگوں کی محافظ پولیس ہے یا یہ قاتل بنائے ہوئے ہیں جنہوں نے ماڈل ٹاؤن میں ساری قوم کے سامنے لوگوں کو قتل کیا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اس وقت تک ٹھیک نہیں ہوگی جب تک اسے غیر سیاسی نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 4 سالوں میں کے پی کے میں کئی مظاہرے ہوئے ہیں لیکن وہاں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس کی وجہ پروفیشنل پولیس کا ہونا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شریفوں نے پنجاب پولیس کو تباہ کردیا ہے اور وقت آگیا ہے کہ پنجاب کے لوگ پیشہ وارانہ پولیس کا مطالبہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات پر سزائیں دی جاتیں تو آج مظاہرین پر فائرنگ کا واقعہ نہ ہوتا ، میں اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ قصور میں 7 سالہ زینب کے اغوا، زیادتی اور قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے ڈی سی آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

مزید خبریں :