لکس اسٹائل ایوارڈز کی سال 2018ء کے لیے نامزدگیوں کا اعلان

—فوٹو: تشہیری پوسٹر

لکس اسٹائل ایوارڈز منتظمین نے 18 درجہ بندیوں میں نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔

لکس اسٹائل ایوارڈز 2018 کے لیے فلم، موسیقی اور ٹیلی ویژن میں نامزدگیوں کی فہرست جاری کردی ہے۔

انٹرٹیمنٹ کی 18 کیٹیگریز میں سے 12 میں عوام بذریعہ ووٹنگ (ویوور چوائس) براہ راست اپنی پسندید کا اظہار کرسکیں گے۔

فلم کیٹگریز میں بہترین فلموں میں ’بلو ماہی‘، ’چھپن چھپائی‘، ’نامعلوم افراد 2‘، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اور ’ورنہ‘ شامل ہیں۔

جب کہ بہترین اداکار کی فہرست میں فلم ’چھپن چھپائی‘ سے احسن خان، ’نامعلوم افراد 2‘ سے فہد مصطفی،  ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ سے ہمایوں سعید، نامعلوم افراد 2‘ سے محسن عباس اور ’ بلو ماہی سے عثمان خالد نامزد ہوئے ہیں۔

بہترین اداکاراؤں کی کیٹیگری میں فلم ’بلو ماہی‘ سے عینی جعفری، ’ورنہ‘ سے ماہرہ خان، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ سے مہوش حیات، ’ارتھ 2‘ سے عظمیٰ حسن اور ’چھپن چھپائی‘ سے نیلم مُنیر کو نامزد کیا گیا ہے۔

بہترین ٹی وی اداکاروں کی نامزدگیوں میں ڈرامہ ’سمّی‘ سے عدنان صدیقی، ’خدا اور محبت‘ سے عمران عباس، ’یقین کا سفر‘ سے احد رضا، ’مقابل‘ سے محسن عباس اور ’ پنجاری‘  سے نعمان اعجاز شامل ہیں۔

بہترین ٹی وی اداکاراؤں میں ڈرامہ ’سیتا باگری‘ سے بشریٰ انصاری، ’مقابل‘ سے کبریٰ خان، ’باغی‘ سے صبا قمر، ’یقین کا سفر‘  اور ’ او رنگ ریزہ‘ سے  سجل علی نامزد کی گئیں ہیں۔ 

اس کے علاوہ کیٹیگریز میں بہترین فلم معاون اداکار و اداکارہ، بہترین فلم ہدایت کار،  بہترین گلوکار و گلوکارہ فلم ، بہترین موسیقی سمیت کئی کی نامزدگیاں بھی کردی گئی ہیں۔

فیشن کی صنعت سے تعلق رکھنے والی  نامزدگیوں کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

ہر کیٹگری میں 5 نامزدگیاں رکھی گئی ہیں جنہیں ناظرین لکس اسٹائل ایوارڈز کی آفیشل ویب سائٹ پر ووٹ دے سکیں گے۔ 

جب کہ سالانہ لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب اگلے ماہ منعقد کی جائے گی۔

مزید خبریں :