اسپانسرز ملنے میں دشواری: پی ایس ایل فرنچائزز پی سی بی سے ناراض

پاکستان سپر لیگ کا تیسرے سیزن کے لیے اسپانسرشپ کے حصول میں دشواری کے باعث تمام ٹیموں کے مالکان پی سی بی سے سخت ناراض دکھائی دیتے ہیں۔

معتبر ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ وقت ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے اور پی ایس ایل کی تقریباً تمام ہی ٹیموں کو اسپانسرز کے حصول میں دشواری درپیش ہے۔

ان معاملات سے جڑے ایک قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ 'اگرچہ کچھ ٹیمیں سیکنڈری لوگو کے حوالے سے معاہدے کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں مگر ٹیموں کو اپنے اسپانسرشپ کے اہداف کے حصول میں مسائل درپیش ہیں۔'

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مسائل کی مختلف وجوہات ہیں، ان میں سے کچھ کھیل سے جڑی جب کہ کچھ سیاسی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیموں کو اسپانسرز کے حصول میں دشواری کی بنیادی وجہ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے ایونٹ کی تشہیر نہ کیا جانا ہے۔'کچھ بڑے اسپانسرز نے سوال اٹھایا ہے کہ ایسی کیا وجوہات ہیں کہ ٹورنامنٹ کی تشہیر نہیں کی جا رہی۔'

ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر کی جانے والی تشہیر سے فرنچائزز کو ملنے والی آمدنی بھی بہت محدود ہے کیونکہ اس کا ایک بڑا حصہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ملتا ہے۔

نمائندہ جیو نیوز نے اس حوالے سے پی ایس ایل سے جڑے کئی اسٹیک ہولڈرز نے بھی بات کی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ فرنچائزز پی سی بی کے رویے سے خوش نہیں ہیں۔

یہ بات بھی علم میں آئی ہے کہ بعض ٹیموں نے پی سی بی کو کسی قسم کا بیل آؤٹ پیکج دینے کی بھی درخواست کی ہے۔

مذکورہ ذرائع نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ بات سچ ہے کہ بعض فرنچائزز نے پی سی بی سے رابطہ کیا ہےجب کہ ایک نے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے مالی رعایت کی درخواست کی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نقصانات کے باوجود کم از کم 3 ٹیموں نے پی سی بی کو تیسرے سیزن کے لیے پوری رقم ادا کر دی ہے اور ایک ٹیم نےصرف سالانہ فیس جمع کروائی ہے اور مزید 6 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کے لیے پی سی بی سے وقت مانگا ہےجب کہ دیگر دو ٹیموں نے ابھی تک کوئی بھی رقم ادا نہیں کی۔

پی سی بی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی سی بی تمام فرنچائزز سے پی ایس ایل 3 کے حوالے سے معاہدوں پر عمل درآمد کروانے کی کوشش کر رہا ہے، دو ٹیمیں ڈیفالٹ میں ہیں جس کی وجہ سے پی سی بی کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق قوانین کے تحت اگر ٹیمیں وقت پر پیسے ادا نہیں کر سکیں تو پی سی بی ان ٹیموں کو کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لے گا۔

تشہیر کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے حوالے سے تشہیر کا آغاز آئندہ ہفتے سے ہو گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پی ایس ایل 3 اپنے ٹریک پر گامزن ہے، اس کا پہلا میچ دبئی میں 22 فروری کو اور آخری میچ کراچی میں 25 مارچ کو ہوگا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ پی ایس ایل تھری کی تشہیری مہم کا جلد آغاز ہو جائے گا۔


مزید خبریں :