مارک کولز ویمنز کرکٹ ٹیم کے کوچ، جلال الدین چیف سلیکٹر مقرر

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولز ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین چیف سلیکٹر مقرر — فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے نئی انتظامیہ کا اعلان کردیا جس میں مارک کولز کو کوچ اور جلال الدین کو چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولز کو 2 سال کے لیے ویمن کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین کو چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ سلیکشن کمیٹی میں اختر سرفراز اور اسماویہ اقبال شامل ہیں۔

مارک کولز حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کے دوران ویمن ٹیم کے اعزازی کوچ کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں تاہم اب انہیں باضابطہ طور پر ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

مارک کولز نیوزی لینڈ کی مقامی ٹیم ویلنگٹن کے اسکواڈ کا حصہ رہے ہیں جبکہ 6 اے گریڈ میچز بھی کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ نیوزی لینڈ کی اے ویمن کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی سلیکشن کے علاوہ ویمنز کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے اضافی خدمات انجام دے گی۔

مزید خبریں :