30 جنوری ، 2018
کوہاٹ: پولیس نے میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں نامزد ایک ملزم صدیق اللہ آفریدی کو گرفتار کرلیا۔
28 جنوری کو کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کو رشتہ نہ دینے پر مجاہد آفریدی نامی شخص نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس سے لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
ڈی پی او کوہاٹ کے مطابق عاصمہ کے قتل میں نامزد ملزم صدیق آفریدی کو گرفتار کرلیا ہے جو مرکزی ملزم مجاہد آفریدی کا بھائی ہے جب کہ بیرون ملک فرار مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب جیونیوز کے پروگرام ’جیوپاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے آر پی او کوہاٹ اول خان نے کہا کہ بہت جلد عاصمہ رانی اور مردان کی 4 سالہ عاصمہ کے قاتل گرفتار کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عاصمہ رانی کے کیس میں نامزد ملزم صدیق اللہ کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، ملزم مجاہد اور صادق اللہ آفریدی ہیں، دونوں کو جلد ہی پکڑ لیا جائے گا۔
آر پی او کوہاٹ کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں قتل کی جانے والی عاصمہ کے کیس میں کوئی سیاسی دباؤ نہیں، کیس میں میرٹ پر کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے ہائی پروفائل تفتیشی ٹیم بنائی ہے جب کہ ملزم کی جس سے سیاسی وابستگی ہے وہ پولیس کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔
ڈی آئی جی اول خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس آج کیس میں نتیجہ سامنے لے آئے گی۔
واضح رہے کہ کوہاٹ میں طالبہ کو قتل کرنے کے بعد ملزم پولیس کی کارروائی سے پہلے ہی بیرون ملک فرار ہوگیا جسے گرفتار کرنے کے لیے انٹرپول سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔