03 فروری ، 2018
لاہور: اصلی سونے سے بنی فیفا فٹبال ورلڈ کپ ٹرافی عالمی دورے کے سلسلے میں لاہور پہنچ گئی۔
روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ سے پہلے ٹرافی کا عالمی دورہ 22 جنوری سے شروع ہوا تھا، جو آج لاہور پہنچی ہے۔
فیفا اور پاکستانی نمائندوں کا وفد تھائی لینڈ کے چیانگ مائی ائیرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان آیا ہے۔
فرانس کے سابق فٹبالر کرسچین کیرمبیو اور فیفا کے دیگر نمائندے فٹبال کی عالمی تنظیم کے وفد میں شامل ہیں۔
جب کہ پاکستانی وفد میں سابق کپتان یونس خان، گلوکارہ مومنہ مستحسن، قرۃ العین بلوچ، اداکارہ مایا علی اور دیگر شامل ہیں۔
لاہور میں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کے لیے کچھ ہی دیر میں ایک شاندار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ٹرافی کی نمائش ہوگی، اس کے دوران ملک کی مختلف نامور شخصیات سمیت دیگر افراد شرکت کریں گے۔
فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا وزن 6 کلو گرام سے زائد ہے جو 18 قیراط سونے سے بنائی گئی ہے۔
فیفا شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کے دورے کے بعد 4 فروری کو قازقستان روانہ ہوگی۔
ٹرافی چھ براعظموں کے 51 ممالک کے 91 شہروں کا سفر کرے گی جو 30 اپریل کو جاپان میں ختم ہوگا جہاں سے اسے روس پہنچایا جائے گا۔
سابق کھلاڑیوں اور کوچز کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان کی فیفا رکنیت معطل ہے لیکن فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کے پاکستان آنے سے کھیل کو فروغ ملے گا۔
فیفا ورلڈ کپ ٹرافی لاہور میں ایک پروقار تقریب میں رونمائی کے بعد عوام کے لیے رکھی جائے گی، جہاں وہ ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوا سکیں گے۔