شہری کو اسلحہ دکھانے پر سلمان مجاہد کیخلاف مقدمہ درج


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد کی جانب سے شہری کو اسلحہ دکھانے اور زدوکوب کرنے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ گزری تھانے میں درج کیا گیا جس کے بعد وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے حکم پر ان سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے شہرِ قائد کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو میں گاڑی نہ ہٹانے پر احسن علوی نامی شہری کو بندوق لہرا کر دھمکایا تھا جبکہ ان کے محافظوں نے شہری پر بندوقیں تان لی تھیں۔

احسن علوی اپنی گاڑی میں سوار تھا کہ سلمان مجاہد بلوچ کی گاڑی نے پہلے ہارن دے کر گاڑی ہٹانے کا کہا۔

جگہ نہ ہونے کی صورت میں شہری نے گاڑی نہ ہٹائی جس پر سلمان مجاہد بلوچ بھپر گئے اور شہری کو گاڑی سے پستول دکھائی، ان کے خلاف برے الفاظ استعمال کیے اور دھمکیاں بھی دیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن احسن نے جب یہ سارا ماجرا سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا تو پارٹی رہنما حرکت میں آگئے اور عمران اسماعیل نے اپنی مدعیت میں سلمان مجاہد کیخلاف گزری تھانے میں مقدمہ درج کرادیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ فاروق اعوان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احسن علوی اور سلمان مجاہد بلوچ سے بیانات لیے جائیں گے جبکہ ان کی گاڑی کی تفصیلات بھی پولیس نے حاصل کرلی ہیں جو ایم کیو ایم رہنما کی بیگم شازیہ سلمان کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

مزید خبریں :