عمران خان سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہیں ڈالیں گے، پی ٹی آئی رہنما


اسلام آباد: پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ آف پاکستان کے انتخابات آج ہو رہے ہیں، جس کے لیے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ جاری ہے اور ارکان اپنے ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان آج اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کریں گے۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 'عمران خان کی کچھ اور مصروفیات ہیں، شاید وہ آج نہیں آسکیں گے'۔

شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ 'سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ جمہوریت کے لیے اچھی بات نہیں'۔

یاد رہے کہ سینیٹرز کی آئینی مدت 6 برس ہے اور ہر 3 برس بعد سینیٹ کے آدھے ارکان اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہوجاتے ہیں اور آدھے ارکان نئے منتخب ہوکر آتے ہیں۔

اس مرتبہ بھی سینیٹ کی آدھی یعنی 52 نشستوں پر انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے لیے 131 امیدوار آمنے سامنے ہیں ۔

پنجاب کی 12 نشستوں پر 20 امیدوار، سندھ کی 12 نشستوں پر 33 امیدوار، خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے 27 امیدوار، بلوچستان کی 11 نشستوں پر 25 امیدوار، فاٹا کی 4 نشستوں پر 24 اور اسلام آباد کی 2 نشستوں پر 5 امیدوار مد مقابل ہیں۔

مزید خبریں :