16 مارچ ، 2018
شارجہ: لاہور قلندرز فرنچائز کے مالک فواد رانا نے ٹیم کی ایونٹ میں مسلسل تین فتوحات میں اسٹیڈیم نہ آنے کی وجہ بتا دی۔
جیو نیوز کے پروگرام 'اسکور' کے میزبان یحیٰ حسینی سے بات کرتے ہوئے رانا فواد نے گراؤنڈ میں اپنی غیر حاضری سے متعلق کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میرا دل ٹوٹ گیا، زندگی میں کئی بار ڈوب کر ابھرا ہوں اور گر کر سنبھل بھی گیا ہوں۔
فواد رانا نے کہا کہ میں لاہوری ہوں اور ہمیشہ لاہور قلندرز کے ساتھ رہوں گا، ہاں اسٹیڈیم نہ آنے کا سوال بجا ہے جس کی وجہ میری کاروباری مصروفیات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار کے سلسلے میں کانفرنس کال پر امریکہ کے وقت نے مجھے اسٹیڈیم جانے سے روکے رکھا، یہی وجہ تھی جس کے سبب ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے اسٹیڈیم میں دکھائی نہیں دیا لیکن خوشی کے ساتھ کہتا ہوں کہ ٹیم کی جیت کے ہر لمحے کو انجوائے ضرور کیا۔
فواد رانا نے مزید کہا کہ جب ٹیم جیت کر ہوٹل پہنچتی تو سب سے پہلے ہوٹل کے استقبالیہ پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دینے والا فواد رانا ہوتا تھا۔
لاہور قلندرز فرنچائز کے مالک فواد رانا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آج شارجہ میں لاہور قلندر اور پشاور زلمی کا مقابلہ اسٹیڈیم میں جا کر دیکھیں گے۔