وزیراعظم کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح نوازشریف کو این آر او مل جائے، عمران خان


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ کسی طرح نواز شریف کو این آر او مل جائے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کی ممبر سازی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ والے سینیٹ میں ہار گئے تو کہہ رہے ہیں کہ پیسہ چل رہا ہے، تین سال پہلے ہم نے کہا تھا کہ انتخابات میں پیسہ چلتا ہے قانون بدلیں، اس وقت کچھ نہیں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے منی لانڈرنگ کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، اورنج لائن ٹرین اور میٹرو جیسے منصوبوں کا مقصد اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کر کے پیسہ بیرون ملک لے جانا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکمرانوں نے میٹرو ٹرین پراجیکٹ سے 50 ارب روپے اپنی جیب میں ڈالے، اگر حکمران مخلص ہوتے تو لاہور کے عوام کو بہتر تعلیم اور صاف پانی ملتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عوام کی فلاح کے منصوبوں پر یقین رکھتی ہے اور خیبر پختونخوا میں لوگوں کو نوکریاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور نے 2018 کے الیکشن میں فیصلہ کرنا ہے کہ عوام کو مجھے کیوں نکالا چاہیے یا نیا پاکستان۔

ان کا کہنا تھا کہ 29 اپریل کو مینار پاکستان پر فیصلہ ہو گا کہ لاہور پی ٹی آئی کا ہے اور اس مرتبہ ہم انہیں شکست دیں گے۔

مزید خبریں :