فیس بک پاکستان میں انتخابات سے قبل سیکیورٹی فیچرز بہتر بنائے گی

 دنیا بھرمیں آئندہ انتخابات کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھارہے ہیں،زکربرگ۔ فوٹو : فائل

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بُک کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو مارک زکربرگ نے سکیورٹی فیچرز کو بہتر بنانے کے لیے ایڈوانسڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس  ( اے آئی) کے استعمال اورملازمین کی تعداد بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

فیس بک کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس اقدام کا مقصد پاکستان و دیگر ممالک میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے رازداری پر توجہ مرکوز رکھنا ہے۔

2018کو انتخابات کے لیے’’ بڑا سال‘‘ قرار دیتے ہوئے مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بُک افواہیں، منفی اوراشتعال انگیز باتیں پھیلانے والوں کا راستہ روکنے کے لیے سیکیورٹی فیچرزبہتر بنارہی ہے۔

فیس بُک پر ایک پوسٹ کے جواب میں زکربرگ نے کہا کہ،’’2018میں امریکا، میکسیکو، بھارت، برازیل، پاکستان، ہنگری اور کئی دوسرے ممالک میں عام انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔ ہم ہر ملک میں ان کی قومی زبان میں  اے آئی ٹولز متعارف کروانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ ‘‘

مارک زکربرگ نے یہ بات اپنی اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی جس میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ آج ہم دنیا بھر میں آئندہ انتخابات کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھارہے ہیں جس کے تحت 270 پیجز بند کردیے جائیں گے جنھیں انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی ( آئی آر اے) نامی روسی تنظیم چلارہی ہے۔‘‘

فیس بُک کے بانی نے کہا کہ آئی آر اے کے خلاف ہمارے بیشتر اقدامات کا مقصد اسے غیرملکی انتخابات میں مداخلت سے باز رکھنا ہے۔ حالیہ اپ ڈیٹ کے تحت ان پیجزکو ہٹادیا جائے گا جن کا ہدف روس میں رہنے والے لوگ ہیں۔ اس ایجنسی نے بار بار دھوکا دہی سے کام لیا اور امریکا، یورپ اور روس میں رہنے والے شہریوں کو استعمال کرنے کی کوشش کی، اور ہم نہیں چاہتے کہ دنیا میں کہیں بھی اس مقصد کے لیے فیس بُک کو ذریعہ بنایا جائے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں فیس بُک اس وقت شدید تنقید کی زد میں آئی جب یہ انکشاف ہوا کہ سیاسی مشاورت فراہم کرنے والی فرم، کیمبرج انالیٹیکا جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے لیے بھی خدمات انجام دی تھیں، اسے فیس بُک کے 87 ملین صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل تھی۔

زکر برگ کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک ریاست کی غیر ملکی انتخابات میں مداخلت روکنے کے لیے تکنیک بہتر بنالی ہے، اور جعلی اکاؤنٹس زیادہ مؤثر طور پر ختم کرنے کے لیے جدید اے آئی ٹولز تخلیق کرلیے ہیں۔

زکربرگ نے مزید کہا کہ کئی اہم انتخابات کے دوران ان ٹولز کی کام یاب آزمائش کی جاچکی ہے۔ مثال کے طور پر فرانس میں 2017کے صدارتی انتخابات کے دوران 30000 جعلی اکائونٹس کی نشان دہی ہوئی اور انھیں بند کیا گیا۔ اسی طرح جرمنی میں 2017 کے انتخابات سے قبل ہم نے ممکنہ خطرات کے بارے میں جاننے اور معلومات کے تبادلے کے لیے براہ راست فیڈرل آفس فار انفارمیشن سیکیورٹی کے ساتھ مل کر کام کیا۔

فیس بُک کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ہم نے سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے نمایاں سرمایہ کاری کی ہے۔ اب ہمارے 15000ملازمین سیکیورٹی اور کانٹینٹ ریویو پر کام کررہے ہیں۔ سال رواں کے اختتام تک مزید 20000 افراد بھرتی کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :