21 اپریل ، 2018
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے فواد عالم کو دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد کو کیمپ کے لیے بلوایا گیا تھا، لیکن 25 لڑکوں میں سے صرف 16 لڑکوں کو ساتھ لے کر جانا مجبوری ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ '25 کھلاڑیوں میں سے ٹیم بنانا تھی، میرا بس چلتا تو ہم 25 کے 25 کرکٹرز کو ساتھ لے جاتے لیکن ہمیں 16 لڑکے سلیکٹ کرنے پڑتے ہیں'۔
سرفراز احمد نے کہا کہ 'جب فواد کو بلایا تھا تو وہ ہماری نظر میں تھا، ہم نے سب لڑکوں کی پرفارمنس دیکھی اور پھر ان میں سے 16 کو میرٹ پر سلیکٹ کیا گیا، ٹیم کی سلیکشن سب کی رائے اور مشاورت سے ہوئی'۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'جو آج نہیں کھیل رہا وہ پاکستان ٹیم کے لیے کل ضرور کھیلے گا'۔
کپتان سرفراز احمد نے دورے کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ 'ٹیم میں نئے لڑکے ہیں اور سب اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے'۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 سے 15 مئی تک ڈبلن میں کھیلا جائے گا جب کہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 24 مئی سے ہوگا اور دوسرے ٹیسٹ کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔
گذشتہ دنوں چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی 4 ارکان پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا تھا، تاہم فواد عالم فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے اور فٹنس میں خود کو بہترین ثابت کرنے کے باوجود ٹیم میں منتخب نہیں ہوسکے تھے۔
بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے 32 سالہ بلے باز کے ساتھ ایسا پہلی بار نہیں ہوا اور انہیں کئی سال سے سیکڑوں مرتبہ نظر انداز کیے جانے کے کرب سے دوچار ہونا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ فواد عالم اپنے 15 سالہ فرسٹ کلاس کیرئیر کے دوران 145 میچوں میں 55.37 کی اوسط سے 27 سنچریوں کے ساتھ 10 ہزار 7 سو 42 رنز بنا چکے ہیں۔