22 اپریل ، 2018
اوباڑو: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جو بیانیہ پیش کررہے ہیں، اگر اس پر قائم رہے تو ان کی جماعت دولخت ہوجائے گی۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عوام جس پر اعتماد کرے گی وہ حکومت بنائے گا، ملک میں بروقت اور شفاف انتخابات ہونے چاہئیں، امید ہے سپریم کورٹ شفاف انتخابات کی نگرانی کرے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن تیزی سے گر رہی ہے اور وہ صوبے میں حکومت نہیں بنا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ جن کو جنرل ضیاء اور مشرف قائل نہ کرسکے وہ پی ٹی آئی میں آرہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ان کی پارٹی کے چیئرمین عمران خان نے سندھ کی ذمہ داری سنبھالنے کا کہا ہے۔