کھیل

شعیب اور ثانیہ کے 'ننھے مہمان' کی پیدائش کس ملک میں متوقع؟

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی کو 8 سال ہوچکے ہیں—.فائل فوٹو 

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے گھر ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے جس کی خوشخبری گذشتہ روز دونوں سوشل میڈیا پر سنا چکے ہیں۔

ثانیہ مرزا گزشتہ 3 ماہ سے امید سے ہیں اور ننھے مہمان کی ولادت اکتوبر میں متوقع ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے تصدیق کی کہ وہ 6 ماہ بعد پہلے بچے کے والد بن جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال وہ یہ نہیں بتا سکتے کے بچے کی پیدائش کس ملک میں ہوگی کیوں کہ پیدائش کا مقام ابھی طے نہیں ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس حوالے سے کچھ وقت دیں، جلد ہی مقام پیدائش سے آگاہ کردیا جائے گا۔

شعیب ملک نے مزید بتایا کہ وہ منگل کو دبئی سے سیالکوٹ پہنچ رہے ہیں اور وہاں سے فیصل آباد جاکر پاکستان کپ میں پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔

انہوں نے مداحوں سے بچے اور اپنے لیے دعا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت دونوں خاندانوں کے لیے خوشی کا ہے اور اس خوشی کو سب کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انتہائی دلچسپ اور انوکھے انداز میں ”ننھے مہمان“ کی آمد کی خوشخبری سنائی تھی۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ زندگی کے نئے سفر کے حوالے سے وہ بیتاب اور خوش ہیں اور بچے کی پیدائش کے بارے میں اب کوئی ابہام نہیں ہے۔

دوسری جانب ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ہم جلد ہی والدین بننے والے ہیں، اگرچہ ہم کافی عرصے سے اس بارے میں سوچ رہے تھے لیکن اب ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خاندان میں اضافے کا صحیح وقت ہے۔

اس خبر کے ساتھ ہی مداحوں سمیت پاکستانی اور بھارتی کرکٹ و شوبز شخصیات کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔














مزید خبریں :