Time 07 مئی ، 2018
پاکستان

ن لیگ نے زرداری کو ہمیشہ فائدہ پہنچایا لیکن وہ اس قابل نہیں تھے، خواجہ آصف

آئندہ انتخابات میں  اہلیہ یا بیٹا میری جگہ الیکشن لڑ سکتے ہیں—جیو نیوز اسکرین گریب۔

اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پاکستان واپس آنے کی اجازت نہیں دی تھی جس پر انہوں نے مجھ سے اور نواز شریف سے مدد طلب کی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2008 کے الیکشن کے بعد آصف زرداری نے پارٹی میں خود کو مضبوط بنانے کے لیے مسلم لیگ نواز کی مدد مانگی اور ہم نے ان کی مدد کی جس پر افسوس ہے۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ آصف زرداری نے ہمیں کہا کہ اسمبلی میں ان کا ایک ووٹ بھی نہیں ہے، پیپلز پارٹی والے انہیں واپس بیرون ملک بھجوا دیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے آصف زرداری کو فائدہ پہنچایا لیکن وہ اس لائق نہیں کہ انہیں فائدہ پہنچایا جاتا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آئندہ الیکشن سے متعلق دوستوں اور کارکنوں سے مشاورت کروں گا، آئندہ انتخابات میں ان کی اہلیہ یا بیٹا اُن کی جگہ الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان کا بس چلے تو وہ ڈان لیکس کا واقعہ قومی تاریخ سے مٹا دیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آج میرا سب سے بڑا اثاثہ پارٹی اور پارٹی قیادت سے وفاداری ہے اور ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کی حمایت کرتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موٹر ویز، میٹرو اور دیگر ترقیاتی پروجیکٹس بھی ہمارا بیانیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت میں کوئی ایسا چہرہ نظر نہیں آئے گا جس نےکبھی وفاداری تبدیل کی ہو لیکن دوسری جماعتوں کی قیادت میں وفاداری تبدیل کرنے والے لوگ موجودہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ن لیگ کو فخر حاصل ہے کہ ہماری قیادت میں وفاداری تبدیل کرنے والےنہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی وفاداری کی تبدیلی پر شور مچانے والوں نے سب سے زیادہ وفاداری تبدیل کرنے والے لوگ لیے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ فاروق ایچ نائیک نے فون پر کہا کہ وہ میرا کیس ہینڈل کرنا چاہتے ہیں لیکن پھر چیمبر میں ملاقات میں فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ مجھے منع کر دیا گیا ہے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ مجھے کہا گیا کہ میں آصف زرداری سے بات کروں کیونکہ وہ مجھ سے ناراض ہیں۔

مزید خبریں :