Time 09 مئی ، 2018
انٹرٹینمنٹ

ٹریلر ریویو’سات دن محبت ان‘ : آمنہ الیاس اور ماہرہ خان میں سے کون بہتر؟

— فوٹو: فائل 

سات دِن محبت جِن! اوہ شاید غلطی ہوگئی کیونکہ فلم کا نام تو ’سات دن محبت اِن‘ ہے۔

میٹھی عید پر رنگوں سے بھری اس فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے لیکن فلم ہے تو رومانوی کامیڈی لیکن ٹریلر شروع بھی ’جنُ‘ سے ہوا اور اینڈ بھی ’جن‘ پر ہوا جس کی وجہ سے شروع میں فلم کا نام لکھنے میں بھی غلطی ہوگئی۔

اب فلم میں ’جن‘ ہے اور ’ہیرو‘ کمزور ہے تو آپ اس فلم کو امیتابھ اور رتیش دیش مکھ کی ’الہ دین‘ سے نا ملا دیجئے گا کیونکہ دونوں فلموں کی کہانی یا کردار ایک دوسرے سے بالکل بھی نہیں ملتے جلتے۔

جاوید شیخ جن کے کردار میں — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب 

’سات دن محبت اِن‘ کے جن کا تو ابھی پتا بھی نہیں کہ چراغ کا ہے بوتل کا ہے یا پھر کسی پرانے گھر کا آسیب ہے، اب یہ راز تو فلم دیکھنے کے بعد ہی سب پر کھلے گا لیکن ایک بات صاف ہے کہ یہ جن حکم ماننے والا نہیں بلکہ شرطیں لگانے والا جن ہے، کنٹرول میں آنے والا نہیں بلکہ قابو کرنے والا جن ہے،آقا بنانے والا نہیں غلام بنانے والا جن ہے۔

سر جھکانے والا نہیں آنکھیں دکھانے والا جن ہے۔ وقت پر چھڑی پکڑ کر ہیٹ لگائے سوٹ بوٹ بابو سے اچانک پگڑی پہنے دھوتی میں ملبوس ڈنڈا پکڑا جن ہے۔

جاوید شیخ جن کے کردار میں — جیو نیوز اسکرین گریب

جس طرح آپ کو یہاں جن یعنی ’جاوید شیخ‘ دِکھ رہے ہیں اسی طرح ٹریلر میں ’نیلی‘ کی انٹری بہت لیٹ ہوتی ہے۔ نیلی نام ہے ماہرہ خان کے کردار کا جو غالباََ پڑوسی ہیں فلم کے ہیرو ٹیپو کی۔

ٹیپو وہ ہیرو جو گلی میں گھر میں سب کیلئے ’زیرو‘ ہے، نظر کا چشمہ، بال تیل سے چپڑے اوپر سے پرانی فلموں والا ہیئر اسٹائل، ٹیپو ہر نوجوان کی طرح ’فالودے‘ سے ’فولاد‘ بننا چاہتا ہے۔

فلم کے ٹیپو کا انداز — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب 

فلم میں ’ایکشن‘ کی بھی جھلک اور ’فینٹسی‘ کی، فلم ’رومانٹک کامیڈی‘ ہے یہ بات ’ٹریلر‘ سے تو واضح نہیں ہوتی البتہ ’ٹیزر‘ میں یہ بات شفاف تھی۔ ٹریلر اپنے ہی ٹیزر جتنا مربوط، تیز، چٹ پٹا اور مزیدار بھی شاید نہیں ہے اور پھر ٹریلر میں ’کیک‘ سے اس وقت ’ہاٹ کیک‘ بننے والی ’بیو ظفر‘ کی غیر حاضری بھی سمجھ سے باہر ہے۔

ٹیزر تو ماہرہ کی ’ویری فلمی‘ انٹری کی وجہ سے جھٹ سے دروازہ کھول کر دل میں داخل ہوگیا تھا لیکن یہاں ٹریلر کو تھوڑا وقت لگے گا جگہ بنانے میں، 2 منٹ کے اس ٹریلر میں’ون لائنر‘ یا ’پنچ‘ کی کمی تو سب سے شدت سے محسوس کی گئی جو ایک منٹ کے ٹیزر میں ڈھیر سارے تھے۔

ماہرہ خان کا ایک انداز — فوٹو؛ جیو نیوز اسکرین گریب 

ٹیزر اگر ماہرہ کی انٹری اور شہریار کی لائنز کے نام تھا تو یہاں ٹریلر میں جاوید شیخ اور آمنہ الیاس دونوں سب سے آگے نظر آئے۔ جاوید شیخ نے ٹریلر میں اتنی ورائٹی اور شیڈز دکھا دیے پوری فلم میں پتا نہیں وہ کیا غضب ڈھائیں گے۔ آمنہ الیاس کو ٹریلر کا سر پرائز پیکج کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ان کا کردار تو 7 پردوں میں چھپا ہوا تو لگ ہی رہا ہے لیکن وہ اسکرین پر لگی بھی خوب ہیں۔

غالباََ نہیں یقینا وہ ٹریلر میں سب سے خوبصورت چہرہ لگی ہیں اور وہ بھی ماہرہ کی موجودگی میں، آمنہ ہماری انڈسٹری کا اثاثہ ثابت ہوسکتی ہیں۔ اپنی پچھلی فلم ’مہرانساء وی لب یو‘ میں جہاں انھوں نے اسپیشل اپیئرنس دی تھی وہ بالکل اچھی نہیں لگی تھیں لیکن یہاں سب کو پیچھے چھوڑ گئیں۔

آمنہ الیاس کا منفرد انداز — جیو نیوز اسکرین گریب 

جن کا کردار ہو یا باہر سے آئی ہوئی لڑکی کا، برابر والی پڑوسن کا گیٹ اپ ہو یا محلے میں باقی رہنے والوں کا، ہیرو اور میرا سیٹھی سمیت فلم کے کرداروں کو بنانے میں اور ان کی بول چال میں محنت کافی نظر آرہی ہے۔

آمنہ الیاس کا انداز — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب 

جن کا ٹھکانہ ہو یا گھر کی چھت یا پھر ڈرون کے شاٹس فلم کے پروڈکشن ڈیزائن پر وقت لگایا ہوا دکھتا ہے۔ فلم کا بیک گراؤنڈ میوزک فلم کے گانوں سے زوردار لگ رہا ہے۔ ٹریلر میں جو گانے جتنے بھی کانوں میں پڑے ان میں ’فیشن تیرے‘ ہٹ اور ’فٹ ٹیپنگ‘ لگ رہا ہے اور یہ گانا پہلی ہی بار میں سننے والوں کے لبوں پرآجاتا ہے۔

فلم کے ٹریلر کے رنگ، روشنی اور فریم ہی بلند آواز میں بتادیتے ہیں کہ اس فلم کے ’ڈی او پی‘ رانا کامران ہوں گے۔ جی ہاں ’نامعلوم افراد‘، ’ایکٹر ان لاء‘، ’جانان‘ اور ’ماہ میر‘ جیسی فلمیں ان کے کیمرے کے فن کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور اب ان فلموں میں ’سات دن محبت ان‘ کا بھی اضافہ ہوگیا۔

فلم کا ایک منظر — جیو نیوز اسکرین گریب 

فلم کے ٹائٹل کی طرح ٹریلر میں گھڑی کی بار بار انٹری بتادیتی ہے کہ فلم میں وقت ہی سب کچھ ہے۔ اب اگر فلم کو ایڈیٹنگ کے لحاظ سے تیز رکھا گیا اور 12 مصالحوں کی اس چاٹ کھاتے کھاتے فلم دیکھنے والوں کے 2 گھنٹے جھٹ پھٹ گزر گئے تو فلم کو کامیاب ہونے سے کوئی روک نہیں سکے گا ورنہ نتیجہ الٹا بھی آسکتا ہے۔

فلم میں ابھی بھی تجسس بہت باقی ہے کیونکہ شہریار کے لیے سچا پیار کس کا ہوگا؟ ماہرہ کی شادی کس سے ہورہی ہوتی ہے؟ جن صرف طاقتور ہے یا پھر دھوکے باز بھی؟ اور سب سے بڑھ کر شہریار کے لیے ماہرہ، آمنہ اور میرا کے بعد بھی ’چوتھا‘ کون ہے؟

ان سب سوالات کے جوابات عید پر سنیما گھروں میں ملیں گے، ابھی تک تو ٹیزر ہو یا ٹریلر ’سات دن محبت ان‘ میٹھی عید کیلئے مکمل مصالحہ یعنی انٹرٹینمنٹ سے بھر پور بڑی اسکرین کی رنگوں سے بھری فلم لگ رہی ہے جس میں ’لوجک‘ ہو نا ہو بہت سارا ’میجک‘ ضرور لگ رہا ہے۔

ٹھہریں اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں:


نوٹ :

1۔۔ ہر فلم بنانے والا، اُس فلم میں کام کرنے والا اور اُس فلم کیلئے کام کرنے والا، فلم پر باتیں بنانے والے یا لکھنے والے سے بہت بہتر ہے۔

2۔۔ ہر فلم سنیما میں جا کر دیکھیں کیونکہ فلم سینما کی بڑی اسکرین اور آپ کیلئے بنتی ہے۔ فلم کا ساؤنڈ، فریمنگ، میوزک سمیت ہر پرفارمنس کا مزا سینما پر ہی آتا ہے۔ آپ کے ٹی وی، ایل ای ڈی، موبائل یا لیپ ٹاپ پر فلم کا مزا آدھا بھی نہیں رہتا۔

3۔۔ فلم یا ٹریلر کا ریویو اور ایوارڈز کی نامزدگیوں پر تبصرہ صرف ایک فرد واحد کا تجزیہ یا رائے ہوتی ہے، جو کسی بھی زاویے سے غلط یا صحیح اور آپ یا اکثریت کی رائے سے مختلف بھی ہوسکتی ہے۔

4۔ غلطیاں ہم سے، آپ سے، فلم بنانے والے سمیت سب سے ہوسکتی ہیں اور ہوتی ہیں لہذا آپ بھی کوئی غلطی دیکھیں تو نشاندہی ضرور کریں۔

5۔۔ فلم کے ہونے والے باکس آفس نمبرز یا بزنس کے بارے میں اندازہ لگایا جاتا ہے جو کچھ مارجن کے ساتھ کبھی صحیح تو کبھی غلط ہوسکتا ہے۔

6۔۔ فلم کی کامیابی کا کوئی فارمولا نہیں۔ بڑی سے بڑی فلم ناکام اور چھوٹی سے چھوٹی فلم کامیاب ہوسکتی ہے۔ ایک جیسی کہانیوں پر کئی فلمیں ہِٹ اور منفرد کہانیوں پر بننے والی فلم فلاپ بھی ہوسکتی ہیں۔کوئی بھی فلم کسی کیلئے کلاسک کسی دوسرے کیلئے بیکار ہوسکتی ہے۔

7۔۔ فلم فلم ہوتی ہے، جمپ ہے تو کٹ بھی ہوگا ورنہ ڈھائی گھنٹے میں ڈھائی ہزار سال، ڈھائی سو سال، ڈھائی سال، ڈھائی مہینے، ڈھائی ہفتے، ڈھائی دن تو دور کی بات دو گھنٹے اور اکتیس منٹ بھی سما نہیں سکتے۔


مزید خبریں :