Time 10 مئی ، 2018
پاکستان

اگر کوئی جنوبی پنجاب صوبہ بنا سکتا ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے، بلاول بھٹو

لیہ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے خیبر پختونخوا کو شناخت دی، اگر کوئی جنوبی پنجاب صوبہ بناسکتا ہے تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔

لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا نام لے کر سیاست چمکانے والوں کو یہاں سے کچھ نہیں ملے گا، الیکشن سے تین ہفتے پہلے کیوں جنوبی پنجاب یاد آیا؟ یہ لوگ صرف ووٹ لینے اور دھوکا دینے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے تو بہت پہلے جنوبی پنجاب کی بنیاد رکھ دی تھی، انہیں 6 سال لگے ہمارے وژن کو سمجھنے میں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا کو شناخت اور گلگت بلتستان کو حقوق دیے، اگر کوئی جنوبی پنجاب کو صوبہ بناسکتا ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 18ویں ترمیم کے ذریعے اختیارات تقسیم کیے اور چھوٹےصوبوں کو مضبوط کیا، ہمیں جنوبی پنجاب کے استحصال کا احساس ہے، ہم اس دھرتی کو اپنی دھرتی سمجھتے ہیں، اس دھرتی کی حقیقی نمائندگی صرف پیپلزپارٹی کرسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کا نام لے کر سیاست کرنے والوں کو یہاں سے کچھ نہیں ملے گا، اقتدار میں آکر ہم نے سب سے پہلے زراعت پر توجہ دی۔

چیئرمین پی پی پی کے مطابق جب تک ناکام لیگ اقتدار میں رہےگی، زرعی شعبہ تباہ ہوتا رہےگا، 2008 میں ہماری حکومت نے تباہ ہوتی ہوئی معیشت کو سنبھالا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیلابوں کے باوجود گندم امپورٹ کرنے والا ملک گندم ایکسپورٹ کرنے لگا لیکن ناکام لیگ کے آنے کے بعد کسان سے انتقام لیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسان بے حال ہے، لوگ صاف پانی کے لیے ترس رہے ہیں جبکہ عوام کا معاشی قتل ہورہا ہے۔

ان کے مطابق وسائل کی منصانہ تقسیم کیلیےجنوبی پنجاب کاقیام ضروری ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اکیلےکچھ نہیں کرسکتی، عوام کی طاقت ہمیں مضبوط کرےگی، ہم جنوبی پنجاب صوبہ چھین کر لیں گے۔

چیئرمین پی پی پی کے مطابق عوام فصلیں جلانے پر مجبور تھے، زمین گروی تھیں، آج 5سال بعد بھی فصل کی وہی قیمت مل رہی ہےجو پیپلزپارٹی نے مقرر کی تھی، ہمارا کسان مشکل حالات کے باوجود 40 من فی ایکڑ گندم پیدا کررہا ہے۔

مزید خبریں :