22 مئی ، 2018
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے وزیراعظم بننے کے بعد مہنگے ترین اپارٹمنٹس خریدے، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بچے بیرون ملک کاروبار کررہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا داماد ارب پتی بن گیا ہے۔
ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف فوج پر تنقید اس لیے کررہے ہیں کہ فوج نیوٹرل کیوں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ سسٹم کرپٹ رہے، نوازشریف کو اپوزیشن میں آکر تمام باتیں یاد آجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام میں مقبولیت کی وجہ سے لوگ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، ہمارا ورکر بتاتا ہے کونسا الیکیبل کلیئر ہے کونسا نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بھٹو نے جس وقت الیکشن لڑا وہ دور اور تھا، اس دور میں دھاندلی کانام تک نہ تھا۔
ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں نیب فعال ہے، صوبے میں اینٹی کرپشن، نیب اور احتساب کمیشن کام کررہا تھا، مالم جبہ والے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کہہ رہے ہیں کہ آئیں اور تحقیقات کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس کھولیں گے تو وہ پاکستان کا سب سے کرپٹ آدمی نکلے گا، ہم ن لیگ کے پیسے بنانے کے طریقوں کا انکشاف کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ 250 ارب روپے کی اورنج لائن ٹرین ہے لیکن کنٹریکٹ خفیہ ہے، ایل این جی کا کنٹریکٹ بھی خفیہ رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے اثاثے 2012 سے ویب سائٹ پر موجود ہیں، مجھے ایک سال عدالتوں میں گھسیٹا گیا، میں باہر سے حلال کی کمائی پاکستان لے کر آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ22 پارٹیاں کہہ رہی تھیں کہ 2013 الیکشن میں دھاندلی ہوئی،ن لیگ چاہتی ہے کہ سسٹم کرپٹ رہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں نے صرف چار حلقے کھولنے کا کہا جبکہ 400درخواستیں تھیں، چار حلقے اس لیے کہے کہ ایک سیمپل بن جائے گا اگلے الیکشن شفاف ہوجائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام پاکستان کی سالمیت کیلیے ضروری ہے۔