24 مئی ، 2018
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کے بارے میں چینی حکام سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی اور نہ ہی باؤ فورم کوئی مناسب فورم تھا جہاں اس معاملے پر گفتگو ہوتی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فورم سے پہلے بھی یہ موضوع کبھی زیر بحث نہیں آیا۔
انہوں نے بھارتی اخبار کی بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چین میں حافظ سعید کے معاملے پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
دوسری جانب چینی حکومت نے بھی بھارتی اخبار کے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کا پول کھول دیا۔
چین کی وزارت خارجہ نے حافظ سعید کے حوالے سے بھارتی اخبار میں چھپنے والی خبر کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا۔
بھارتی اخبار دی ہندو نے خبر دی کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے گزشتہ ماہ باؤ فورم کے موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو مشورہ دیا تھا کہ عالمی دباؤ کے باعث حافظ سعید کو کسی اور مغربی ایشیائی ملک منتقل کر دیا جائے۔
چین کی وزارت خارجہ نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ یہ خبر انتہائی افسوس ناک ، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔
انٹرویو کے دوران فاٹا اصلاحات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے اتفاق رائے کیلئے سابق وزیراعظم نواز شریف نےبہت محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے دوران ایسے مسائل بھی سامنے آئے جوسوچے نہ تھے، اس سلسلے میں فاٹا ارکان پارلیمنٹ سے ہمیشہ مشاورت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 11 میں سے 9 فاٹا ارکان اسمبلی فاٹا اصلاحات کےحق میں ہیں، شاید الیکشن قریب ہیں اس لیے بھی کچھ ارکان نے نہ حمایت کی نہ مخالفت۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار پرانے ساتھی اور دوست ہیں، ان سے جھگڑا نہیں اختلاف رائے ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ چوہدری نثار علی خان کہیں نہیں جاسکتے، پارٹی کے ساتھ ہمیں 30 سال سے زائد ہوگئے اب پارٹی میں رہیں گے یا گھر جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ نواز شریف کے انٹرویو سے جو مطلب نکالا گیا وہ غلط تھا ، اسمبلی میں انٹرویو پر بہت بات کی گئی وثوق سے کہہ سکتا ہوں کسی شخص نےانٹرویو پڑھا ہی نہیں.
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انٹرویو سے متعلق بھارت میڈیا جو بات کررہا ہے ایسا کچھ نہیں تھا، اخبار میں جو آیا وہ مس رپورٹنگ تھی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جو انٹرویو میں کہا وہ درست کہا، کوئی نئی بات نہیں تھی لیکن جو تاثر لیا گیا وہ غلط تھا۔