کھیل

لیڈز ٹیسٹ: سرفراز الیون ایک اور ہمالیہ سر کرنے کے لئے تیار

پاکستان کو 2 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ فوٹو: بشکریہ کرک انفو

گزشتہ سال جون میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے فیورٹ بھارت کو ہراکر آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کا تاج اپنے سر پر سجایا تھا۔ایک سال بعد مختلف فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ایک اور ہمالیہ سر کرنے کے لئے تیار ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی نظر سیریز اپنے نام کرنے پر ہے۔ پاکستان 22سال بعد انگلش سرزمین پر ایک اور سیریز اپنے نام کرنے کے لئے بے چین ہے۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیت کر پاکستان 34 سال میں پہلی ٹیم بن جائے گی جس نے انگلش سر زمین پر کلین سوئپ کیا ہو جبکہ انگلش سرزمین پر گرین شرٹس نے یہ کارنامہ کبھی سرانجام نہیں دیا۔

پاکستان سے قبل 1984میں ویسٹ انڈیز نے انگلش سر زمین پر پانچوں ٹیسٹ جیتے تھے۔

پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں 2012-13 میں انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کر چکی ہے جبکہ پاکستان کے بعد 2013 میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ہوم گراونڈ پر پانچ صفر سے وائٹ واش کیا تھا۔

اس سےقبل وسیم اکرم کی قیادت میں 1996 میں انگلینڈ کو دو ایک سے سیریز میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔اگر ایسا ہوگیا تو سرفراز، مکی آرتھر اور انضمام کے کمبی نیشن میں پاکستانی شاہین ایک اور اعزاز اپنے نام کرکے بلندیوں کی جانب پرواز کریں گے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ جمعے سے ہیڈنگلے گراونڈز لیڈز میں شروع ہورہا ہے۔

پاکستان اس اہم ترین میچ میں نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین کو ٹیسٹ کیپ دے گا۔عثمان ،ان فٹ بابر اعظم کی جگہ لیں گے۔

بابر کلائی میں فریکچر کے باعث وطن واپس جا چکے ہیں۔لیڈز ٹیسٹ کھیل کر انگلینڈ کے سابق کپتان اور اوپنر ایلسٹر کک سب سے زیادہ154مسلسل ٹیسٹ کھیلنے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیں گے۔ایلسٹر کک اور ایلن بورڈز نے اس سے قبل 153،153 ٹیسٹ کھیلے تھے۔

پاکستان کے محمد عامر کو انگلینڈ کے خلاف پچاس وکٹوں کا سنگ میل مکمل کرنے کے لئے تین وکٹوں کی ضرورت ہے۔

لارڈز ٹیسٹ 9وکٹ سے جیت کر پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

گزشتہ آٹھ میں سے چھ ٹیسٹ ہارنے والی انگلش کرکٹ ٹیم اس بدترین دور سے گذررہی ہے۔اس لئے انگلینڈ کو میچ جیت کر سیریز بچانے کا مشکل ترین چیلنج درپیش ہے۔

انگلینڈ کو گزشتہ چھ ماہ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشیز میں چار صفر اور نیوزی لینڈ کے خلاف ایک صفر سے شکست ہوئی۔

اگر لیڈز ٹیسٹ پاکستان نے جیت لیا یا میچ ڈرا ہوگیا تو انگلش ٹیم جو روٹ کی قیادت میں مسلسل تیسری ٹیسٹ سیریز ہار جائے گی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی بیٹنگ اس قدر بری طرح لڑکھڑائی کہ پوری ٹیم 58 کے معمولی اسکور پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :