آرمی چیف سے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا رابطہ، مختلف امور پر بات چیت

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا—۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے پاک امریکا تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں سیاسی مفاہمت کی ضرورت اور جنوبی ایشیا میں بلاتفریق تمام دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات رواں برس کے آغاز سے ہی کشیدگی کا شکار ہیں، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا'۔

اس کے بعد امریکا نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا شروع کردیے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک پاکستان کی معاونت معطل رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔


مزید خبریں :