کھیل

دورہ زمبابوے: قومی اسکواڈ میں شان مسعود کی جگہ صاحبزادہ فرحان کا حیران کن انتخاب

شان مسعود گزشتہ تین سال میں قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں 10 سنچریاں بنانے کے باوجود سلیکٹرز کو دونوں فارمیٹ میں متاثر نہیں کرسکے— فوٹو: فائل

دنیا بھر میں ڈومیسٹک کرکٹ کو اہمیت دی جاتی ہے لیکن پاکستان میں قومی سیزن میں رنز کے ڈھیر لگانے والے شان مسعود کو غیر معمولی کارکردگی کے باوجود پاکستان ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین شان مسعود گزشتہ تین سال میں قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں 10 سنچریاں بنانے کے باوجود سلیکٹرز کو دونوں فارمیٹ میں متاثر نہیں کرسکے ہیں۔

رواں سال شان نے 6 ون ڈے سنچریوں کی مدد سے1528 رنز بنائے جس میں 10 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ایک سنچری ٹی ٹوئنٹی میں بھی اسکور کی تھی۔

پاکستان میں قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اقرباء پروری، ناانصافی اور میرٹ کے قتل عام کی کہانیاں زبان زد عام ہیں لیکن سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے کی وجہ بتانے سے ہمیشہ کنی کترا جاتے ہیں۔

زمبابوے کے دورے کے لیے پاکستان کی جس ٹیم کا اعلان ہوا ہے اس میں نوجوان اوپنر صاحبزادہ فرحان کی شمولیت حیران کن ہے۔

سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ صاحبزادہ فرحان کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے پی سی بی گورننگ بورڈ کے سب سے بااثر رکن منصور مسعود خان کے بیٹے شان مسعود کو شامل کرنے سے گریز کیا گیا۔

اس بارے میں چیف سلیکٹر انضمام الحق سے ردعمل جاننے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے فون اٹھانے سے گریز کیا۔

منصور خان، پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کے قریب ہونے کے باوجود اپنے بیٹے کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر خاموش ہیں۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں شان مسعود کی کارکردگی ون ڈے ٹیم میں شامل امام الحق سے بھی بہتر ہے۔ شان کو دونوں فارمیٹ میں منتخب نہیں کیا گیا۔

اس وقت پاکستانی سلیکشن میں سب سے طاقتور چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر ہیں جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے والے دیگر لوگ محض اپنی نوکریاں کررہے ہیں۔

حیران کن طور پر22سالہ صاحبزادہ فرحان کو پاکستان ٹیم میں شامل کرنے کی وجہ بتانے سے گریز کیا گیا۔ صاحبزادہ فرحان نے پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچوں میں اسلام آباد کی جانب سے 91 رنز بنائے تھے۔

صاحبزاہ فرحان نے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں پنجاب کی جانب سے کھیلتے ہوئے 155 رنز بلوچستان کے خلاف بنائے۔ اس کے بعد وہ 14، 21 اور 73 رنز بنا سکے۔

شان مسعود نے قومی ریجنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں 51،182،71،90، اور 128 رنز بنائے۔ پاکستان کپ میں شان مسعود نے پہلے میچ میں 7 دوسرے میچ میں سنچری ناٹ آؤٹ، تیسرے میچ میں 50 چوتھے میں 31 اور پانچویں میں 52 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔

انگلینڈ کے دورے سے قبل وہ ان فٹ ہوگئے لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم منتخب کرتے وقت سلیکٹرز نے شان مسعود کو نظر انداز کیا۔

گزشتہ تین سیزن میں شان مسعود نے 46 لسٹ اے میچوں میں 10 سنچریوں اور 17 نصف سنچریوں کی مدد سے 2753 رنز 76 کی اوسط سے اسکور کیے ہیں۔

ایک اور ٹیسٹ اوپنر خرم منظور پر بھی دیگر اوپنرز کو ترجیح دی گئی۔ خرم منظور نے پاکستان کپ کے پہلے میچ میں 60 دوسرے میچ میں 190 ناٹ آؤٹ، تیسرے میچ میں 111 اور چوتھے میچ میں 32 رنز بنائے۔

مزید خبریں :