Time 04 جولائی ، 2018
انٹرٹینمنٹ

طیفا کا ایک اور طوفانی ریکارڈ

— فوٹو: فائل

گلوکار و اداکار علی ظفر کی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے پہلے ٹیزر اور پھر ٹریلر نے دھوم مچائی لیکن آئٹم نمبر نے تو سارے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔

اب طیفا کے دیوانوں کیلئے ایک بری خبر اور ایک اچھی خبر ایک ساتھ سامنے آئی ہے۔ طیفا کے آئٹم نمبر نے یو ٹیوب پر سب سے تیز 10 لاکھ، پھر 20 لاکھ، پھر30 لاکھ پھر 40 لاکھ اور تیز ترین 50 لاکھ یو ٹیوب ہٹس لینے کا ریکارڈ بنایا ہے۔

فلم کا آئٹم نمبر اب تک کا پہلا پاکستانی گانا بھی بنا جسے فلم کی ریلیز سے پہلے ہی پچاس لاکھ بار صرف یو ٹیوب پر دیکھا گیا لیکن اب فلم دیوانوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ طیفا کے آئٹم نمبر نے جتنے ریکارڈ جتنی تیزی سے بنائے سب اتنی ہی تیزی سے ٹوٹ گئے۔

اس کے باوجود طیفا کے دیوانوں کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ یہ سارے ریکارڈ ’طیفا ان ٹربل‘ کے دوسرے گانے ”چن وے “ نے توڑے ہیں۔


جی ہاں آئٹم نمبر نے 50 لاکھ ہٹس کیلئے سات دن سے زیادہ وقت لیا لیکن ’چن وے‘ تو پانچ دنوں میں ہی نہ صرف پچاس لاکھ ہٹس سے اوپر گیا بلکہ اس گانے کے ہٹس آئٹم نمبر سے بھی زیادہ ہوگئے ہیں جب کہ دونوں گانوں کو علی ظفر اور آئمہ بیگ نے آواز دی ہے۔

طیفا پاکستان کی پہلی فلم ہے جس کے دوگانوں کو ریلیز سے پہلے ہی صرف یو ٹیوب پر ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ طیفا کا ایک اور ریکارڈ اور بہتر ہوا ہے کیونکہ اس فلم کے ٹیزر، ٹریلر اور دونوں گانوں کو اب تک صرف یو ٹیوب پر لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔

فلم ’طیفا ان ٹربل‘ 20جولائی کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے 25ممالک میں ریلیز کی جائے گی جب کہ فلم کی ڈائریکشن احسن رحیم نے دی ہے اور  فلم میں علی ظفر، مایا علی کے علاوہ جاوید شیخ، فیصل قریشی، محمود اسلم اور نیر اعجاز سمیت دیگر بڑے ستارے بھی موجود ہیں۔

طیفا کو لائٹ اینگل، مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ، ٹیڈ پول فلمز اور جیو فلمز پیش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :