Time 07 جولائی ، 2018
پاکستان

جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف ریفرنس کی اوپن ٹرائل کی منظوری


اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف ریفرنس کی اوپن کورٹ ٹرائل کی منظوری دے دی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینیئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی مبینہ کرپشن ریفرنس کی اوپن کورٹ ٹرائل کی درخواست کی سماعت کی۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف اوپن ٹرائل کی منظوری دی۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے اٹارنی جنرل کو 30 جولائی کو گواہ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے جس کے بعد پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی اعلیٰ عدلیہ کے جج کے ریفرنس کی سماعت کھلی عدالت میں ہوگی۔

یاد رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اپنے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر ریفرنس کو بند کمرے کے بجائے کھلی عدالت میں سننے کی استدعا کی تھی جسے پہلے سپریم جوڈیشل کونسل نے مسترد کردیا تھا۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کو جسٹس شوکت عزیز نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے جوڈیشل کونسل کو اوپن ٹرائل کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے پرنظرثانی کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر سماعت ہے جس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سی ڈی اے حکام پر اپنی سرکاری رہائش گاہ کی تزین و آرائش کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔

مزید خبریں :