27 جولائی ، 2012
ریاض…سعودی عرب میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان لوگوں کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ صارفین نے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔عرب اخبار کے مطابق سعودی عرب میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف یہ پہلا مظاہرہ تھا ، جو شمالی شہر عرعر میں کیا گیا۔ مقامی لوگ رمضان میں طویل اوقات کے لئے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آچکے تھے۔ رات بھر بجلی غائب رہنے پر لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور درجنوں افراد محکمہ بجلی کے دفتر کے سامنے جمع ہوگئے۔ تاہم دفتر کے عہدے دار کے روکھے رویئے نے صارفین کو مشتعل کردیا اور انھوں نے دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا ، مظاہرین نے حکام کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ کچھ دیر تک احتجاج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔