28 جولائی ، 2012
ٹنڈو الہیار … وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں کابینہ اجلاس کے انعقاد سے علاقے کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں بہتر انداز میں حل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے ضلعی سیکریٹریٹ ٹنڈو الہ یار میں سندھ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ اجلاس میں ضلعی افسران نے کابینہ کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پولیو مہم اور ہیپاٹائٹس سے متعلق بریفنگ دی۔ سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ملک کو اندورنی اور بیرونی دہشت گردی کا سامنا ہے، دہشت گردی اہم مسئلہ ہے جو کراچی میں بھی ہے، جن لوگوں کو سندھ کیلئے کچھ نہیں کرنا وہ کہتے ہیں کہ حکومت کچھ نہیں کر رہی۔