شاہد کپور اور شردھا کی فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ پاکستانی فلم سے متاثر نکلی

بھارتی فلم ’ہیرو نمبر ون‘ بھی ایکٹر ان لاء کا چربہ تھی— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر

بالی وڈ اداکار شاہد کپور اور شردھا کپور کی فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ پاکستانی فلم ’ایکٹر ان لاء‘ سے متاثر نکلی۔

شاہد کپور اور شردھا کپور بالی وڈ کے صف اول کے اداکار ہیں اور دونوں اداکاروں کی جوڑی اس وقت فلم’ بتی گل میٹر چالو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہے۔

دونوں کی فلم کا ٹریلر آج ہی جاری کیا گیا ہے جسے سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ فلم کا مرکزی خیال پاکستانی فلم ’ایکٹر ان لاء‘ کا چربہ ہے۔




ٹریلر میں فلم کا مرکزی خیال، مکالمے اور کئی سین ’ایکٹر ان لاء‘ سے مماثلت رکھتے ہیں جن میں معمولی سی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

2016 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ‘ایکٹر ان لاء‘ میں فہد مصطفیٰ، مہوش حیات اور بھارتی اداکار اوم پوری نے اہم کردار ادا کیا تھا جب کہ فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی اور مصنفہ فضاء علی تھیں۔

بھارتی فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ کے ہدایت کار شری نرائن سنگھ ہیں جب کہ فلم کے رائٹر ’سدھارتا سنگھ ہیں۔

یاد رہے کہ ’ایکٹر ان لاء‘ کو پچھلے سال بھارتی ریجنل سینما میں ’ہیرو نمبر ون‘  کے نام سے بننے والی فلم میں فریم ٹو فریم کاپی کیا گیا تھا۔

’ایکٹر ان لاء‘ فلم والا پروڈکشن کی فلم تھی، یہی ٹیم ’ایکٹر ان لاء‘ سے پہلے ’نامعلوم افراد‘ جیسی سپر ہٹ فلم بھی بنا چکی ہے اور اب اسی ٹیم کی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ بڑی عید پر ریلیز ہو رہی ہے۔

مزید خبریں :