Time 13 اگست ، 2018
انٹرٹینمنٹ

’طیفا ان ٹربل‘ کا جادو چوتھے ہفتے بھی جاری، کئی ریکارڈز توڑ ڈالے

فلم نے کمائی میں ہالی وڈ اور بالی وڈ فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جب کہ پاکستان میں مسلسل 24 دن 50 لاکھ سے زیادہ بزنس کرنے والی پہلی نان ہالیڈے فلم بھی ہے— فوٹو:فائل 

کراچی: گلوکار و اداکار علی ظفر اور مایا علی کی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ نے چوتھے ہفتے میں بھی سارے ریکارڈ توڑ ڈالے۔

20 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنی والی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ نے ریلیز کے ساتھ ہی کئی ریکارڈز اپنے نام کیے۔ 

فلم مداحوں کو ایسی بھائی کہ کئی ہفتے گزرنے کے بعد بھی کمائی کے ریکارڈز بنارہی ہے۔

فلم نے چوتھے ویک اینڈ یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو ریکارڈ 2 کروڑ 50 لاکھ کے لگ بھگ بزنس کیا ہے اور فلم کی ملک بھر میں مجموعی کمائی 27 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں اب تک کوئی ہالی وڈ یا بالی وڈ کی فلم بھی چوتھے ویک اینڈ پر اتنا بزنس نہیں کرسکی ہے جو کہ پاکستانی باکس آفس پر ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ 

علی ظفر کی فلم کا ایک اور منفرد ریکارڈ پاکستان میں مسلسل 24 دن 50 لاکھ سے زیادہ بزنس کرنے والی پہلی نان ہالیڈے فلم کا بھی ہے۔

جیو فلمز، لائٹ اینگل پروڈکشنز، مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ اور ٹیڈ پول فلمز نے ’طیفا‘ کے دیوانوں کا ریکارڈ بنانے پر شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ طیفا اور طیفا کے دیوانے اس فلم کو پاکستان کی سب سے کامیاب فلم کا اعزاز بھی دلوائیں گے۔

فلم کی میوزک اور گانے بھی یو ٹیوب پر مقبول ترین فلمی گانوں کے ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔

’طیفا ان ٹربل‘ میں علی طفر اور مایا علی کے علاوہ جاوید شیخ، فیصل قریشی، محمود اسلم اور نیئر اعجاز نے بھی اہم کردار کیا ہے جب کہ فلم کو احسن رحیم نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

مزید خبریں :