27 اگست ، 2018
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین سعد علی کو بھی ایبٹ آباد کے فٹنس کیمپ میں طلب کر لیا گیا ہے اس طرح اب 26 کے بجائے 27 کھلاڑی کیمپ میں شریک ہوں گے۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کی ٹریننگ منگل سے ایبٹ آباد کے آرمی اسکول آف فزیکل اینڈ ٹریننگ فٹنس کیمپ میں شروع ہورہی ہے۔
سعد علی کراچی سے ایبٹ آباد پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اتوار کو جن کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا اس میں سعد علی کانام شامل نہیں تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دورے کے بعد سعد علی کانام غلطی سے کیمپ کی فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا تھا۔
پاکستانی کھلاڑی لاہور اور کراچی سے مختلف پروازوں میں اسلام آباد پہنچے اور وہاں سے سڑک کے راستے ایبٹ آباد پہنچے۔ ایبٹ آباد میں تین دن کے دوران دو ٹریننگ سیشن ہوں گے۔ کھلاڑی پہاڑوں پر ہائیکنگ کریں گے جبکہ آرمی کے ٹرینرز کے ساتھ ہر کھلاڑی کا دس دس منٹ کا سیشن رکھا گیا ہے جس میں کوچ مکی آرتھر بھی موجود ہوں گے۔
پی سی بی کی طرف سے کیمپ کا حصہ بننے والے27 کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، عثمان شنواری، محمد نواز، عماد وسیم، سعدعلی، حارث سہیل، محمد حفیظ، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان، صاحبزادہ فرحان، شان مسعود، عثمان صلاح الدین، اسد شفیق، بلال آصف، محمد اصغر، راحت علی اورمیرحمزہ شامل ہیں۔
ٹریننگ کیمپ میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی موجود ہیں جبکہ دیگر عہدیداروں میں بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، ٹرینر گرانٹ لیوڈن، بولنگ کوچ اظہر محمود، فزیوتھراپسٹ کلیفی ڈیکون، اینالسٹ ڈاکٹر سہیل سلیم اور طلحہ اعجاز شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ تین ستمبر کو قومی اکیڈمی لاہور میں رکھے گئے ہیں۔ اس ٹیسٹ میں پاس ہونے والے کھلاڑی پاکستانی ٹیم میں شامل ہوں گے جس کے بعد ٹیم کا اعلان 5 ستمبر کو متوقع ہے۔