کھیل

ملک کا سب سے بڑا ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ معروف کھلاڑیوں سے محروم ہوگا

صف اول کے کھلاڑی قومی کیمپ میں مصروف ہونے کی وجہ سے قائد اعظم ٹرافی میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے— فوٹو: فائل

ملک کے تین درجن سے زائد صف اول کے کھلاڑی قومی کیمپ میں مصروف ہونے کی وجہ سے قائد اعظم ٹرافی میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔

ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں مشہور کھلاڑیوں سے محروم ٹیمیں بورڈ سے خاموش احتجاج کررہی ہیں تاہم بورڈ میں سربراہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس اہم نکتے کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

اس بارے میں جب پی سی بی کے ایک افسر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا جواب تھا کہ ہر دور میں کھلاڑی نیشنل ڈیوٹی پر جاتے ہیں۔ اس بار بھی کیمپ اور پاکستان ٹیم کی سیریز جاری رہیں گی، کھلاڑی شریک ہوں یا نہیں قائد اعظم ٹرافی اور قومی ون ڈے ٹورنامنٹ منعقد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال امپائرنگ، پچوں اور گیندوں کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

پی سی بی نے قائداعظم ٹرافی کی انعامی رقم میں 10 لاکھ روپے کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 44 لاکھ سے بڑھ کر 54 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 49 لاکھ سے بڑھا کر 57 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

قائداعظم ٹرافی کی میچ فیس 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے جب کہ ون ڈے ٹورنامنٹ کی فیس 20 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی فیس 24 سے بڑھا کر 30 ہزار روپے فی میچ کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے سیزن میں قائد اعظم ٹرافی میں پچوں کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ملک بھر کے کیوریٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کیوریٹرز کو اسپورٹنگ پچز بنانے اور غیر جانبدار رہنے کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے۔

پی سی بی حکام فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے دوران مسلسل پچز کے معیار کو مانیٹر کریں گے۔ کیوریٹرز کو خاص طور پر کہا گیا ہے کہ ایسی پچز بنائیں جس سے کسی ٹیم کو فائدہ نہ پہنچے۔ قائد اعظم ٹرافی میں انگلش برانڈ کی ڈیوک گیندیں مسلسل دوسرے سال استعمال ہوں گی۔

گذشتہ سال ان گیندوں پر بیٹسمین مشکلات سے دوچار دکھائی دیئے تھے۔ ڈیوک کی گیندیں سیالکوٹ میں تیار ہوئی ہیں لیکن ان کی فنشنگ انگلینڈ میں کی گئی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ایک گیند کی قیمت پندرہ ہزار روپے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن کا پانچ سالہ شیڈول تیار کر لیا ہے جس کے مطابق ہر ٹورنامنٹ کے لیے پہلے سے سینٹرز کا تعین ہوچکا ہے۔ امپائروں اور میچ ریفریز کی پوسٹنگ بھی کی گئی ہے۔

قائد اعظم ٹرافی اور ون ڈے ٹورنامنٹ یکم ستمبر سے 8 دسمبر تک ہوں گے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 10 سے 25 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 یکم سے 20 جنوری تک ہو گا اور پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ فیصل آباد اور ملتان میں دو سے 14 اپریل تک ہو گا۔

قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو 16 اپریل سے15 مئی تک سندھ میں ہو گا جب کہ پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ 16 اپریل سے 7 مئی تک ہو گا۔

پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ قومی سیزن پہلی بار نان اسٹاپ انداز میں جاری رہے گا اور بغیر کسی تعطل کے میچ کرائے جائیں گے۔

مزید خبریں :