12 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کی ناکامی پر وفاقی حکومت کو تحقیقاتی کمیٹی بنانے کیلئے دوبارہ خط بھیج دیا۔
الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو خط میں لکھا ہے کہ عام انتخابات 2018 میں آرٹی ایس کی ناکامی پر تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی جائے۔
خطاب میں کہا گیا ہے کہ آر ٹی ایس کی تحقیقات کیلئے 2 اگست کو بھیجے گئے مراسلے کے ضابطہ کار کے تحت ہی تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے۔
الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ آر ٹی ایس کی تحقیقات کیلئے پی ٹی اے، این ٹی آئی ایس بی کے ماہرین شامل کیے جائیں۔
الیکشن کمیشن نے خط سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو ارسال کیاہے۔
اس سے قبل کابینہ ڈویژن نے تحقیقاتی کمیٹی کے نئے ضابطہ کار کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھجوایا تھا۔
خیال رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائے گئے زرلٹ ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی آ گئی تھی۔
آر ٹی ایس میں خرابی کی وجہ سے انتخابی حلقوں کے نتائج میں گھنٹوں تاخیر ہوئی تھی۔