Time 21 ستمبر ، 2018
کھیل

مکی آرتھر سرفراز کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے، عامر کی خراب بولنگ پر تشویش

مکی آرتھر کے مطابق سرفراز احمد اچھا کر رہے ہیں اور ذمے داری بھی لے رہے ہیں، تاہم محمد عامر کی کارکردگی پر انہیں تشویش لاحق ہے—۔فائل فوٹو

ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں کھڑے ہوگئے، جن کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی بیٹنگ میں ناکامی پر کوئی تشویش نہیں ہے تاہم محمد عامر کی خراب بولنگ فارم پر انہیں تحفظات ضرور ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ 'پاکستان ٹیم میں سرفراز احمد کی کپتانی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ان کی بیٹنگ پوزیشن پر بھی کوئی تشویش نہیں ہے۔ سرفراز احمد اچھا کر رہے ہیں اور ذمے داری بھی لے رہے ہیں، لیکن بھارت کے خلاف جس طرح سب نے بیٹنگ کی ہے وہ مایوس کن ہے'۔

ان کا کہنا تھا، 'امام الحق نے جو کیا وہ غیر ذمے داری تھی۔ تیسرے اوور میں کریز سے باہر نکل کر کمار کی گیند پر امام نے جو اسٹروک کھیلا وہ ناقابل قبول ہے۔ سرفراز احمد کا بھی یہ کردار نہیں تھا کہ وہ کریز سے باہر آکر غیر ذمے دارانہ اسٹروک کھیلے، لیکن سرفراز احمد نے اس موقع پر غلطی کی، ہم نے ہر بیٹسمین کو رول دیئے ہوئے ہیں، فخر زمان کو یہی رول دیا تھا جس پر وہ آؤٹ ہوئے۔ آصف علی بھی اسی طرح آؤٹ ہوئے جو ان کا رول تھا، لیکن دیگر چار بیٹسمینوں کو ذمے داری لینی چاہیے تھی'۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ 'ہم نے بھارت کے خلاف 258 میں سے 128 ڈاٹ گیندیں کھیلیں جو کسی طرح اچھی بات نہیں تھی۔اس رفتار میں تیزی لانی چاہیے تھی'۔

مکی آرتھر نے اعتراف کیا کہ یقینی طور محمد عامر کی کارکردگی پر انہیں تشویش لاحق ہے۔

ان کا کہنا تھا، 'ہم نے ان کے ساتھ طویل میٹنگ کی ہے اور انہیں ان کی ذمے داری کا احساس دلانے کی کوشش کی ہے۔ بھارت کے خلاف عامر نے اچھی بولنگ کی لیکن بدقسمتی سے وہ وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ انہیں اپنی رفتار میں تھوڑا سا اضافہ کرنا ہوگا، اس صورتحال میں یقینی طور پر وہ دباؤ کا شکار ہیں، لیکن انہیں اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی'۔

سرفراز احمد پاکستان کے تینوں فارمیٹ کے کپتان ہیں جبکہ محمد عامر بھی تینوں فارمیٹ میں کھیلتے ہیں۔

سرفراز احمد نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی آخری نصف سنچری رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں بنائی تھی۔ وہ گذشتہ 8 میچوں میں کوئی نصف سنچری نہیں بناسکے ہیں۔ان میں سے 4 اننگز میں ان کی بیٹنگ کام نہ آسکی اور 2 بار وہ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ایک اننگز میں 3 اور بھارت کے خلاف دبئی میں وہ محض 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سرفراز احمد نے ون ڈے میں آخری میچ وننگ اننگز پندرہ ماہ قبل کارڈف میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچ میں بنائی تھی، جب وہ 61 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ ان 8 میچوں میں سرفراز احمد نے وکٹوں کے پیچھے 9 کیچ لیے اور ایک اسٹمپڈ کیا۔

31 سالہ سرفراز احمد پاکستان کی جانب سے 41 ٹیسٹ، 92 ون ڈے انٹرنیشنل اور 48 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ 

دوسری جانب محمد عامر اسپاٹ فکسنگ میں پابندی کے بعد 33 ون ڈے میچوں میں 34.72 کی اوسط سے 33 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ گذشتہ سال آئی سی سی چیمپنز ٹرافی میں عامر نے 8 میچوں میں 79.33کی اوسط سے تین وکٹ حاصل کیں۔ محمد عامر نے نویں میچ میں بھارت کے خلاف بھی کوئی وکٹ حاصل نہیں کی، انہوں نے 6 اوورز میں 23رنز دیئے۔

مزید خبریں :