Time 25 ستمبر ، 2018
کھیل

فکسنگ کے انکشافات: 'عمر اکمل کی فائل بند نہیں ہوئی، آئی سی سی تحقیقات جاری'

عمر اکمل نے رواں برس جون میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں 2015 کے ورلڈ کپ میں میچ فکس کرنے کی پیشکش ہوئی تھی—۔فائل فوٹو

ہر وقت تنازعات کی زد میں رہنے والے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے کیس کچھوے کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس حوالے سے انٹرنیشنل جنرل مینیجر اینٹی کرپشن یونٹ ایلکس مارشل کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کی فائل بند نہیں ہوئی ہے اور ان کے خلاف تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں عمر اکمل نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں 2015 کے ورلڈ کپ میں میچ فکس کرنے اور دو گیندیں نہ کھیلنے پر دو لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب بھی میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کھیلتا مجھے پیشکش کی جاتی تھی کہ میچ نہ کھیلوں، اس کے عوض مجھے پیسوں کی پیشکش کی جاتی تھی لیکن میرا سٹے بازوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں اپنے ملک کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں۔

تاہم عمر اکمل نے یہ نہیں بتایا تھا کہ انہوں نے ان پیشکشوں کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو دی تھی یا نہیں۔ 

واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو سٹے بازوں کی جانب سے پیشکش ہوتی ہے تو اسے اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو کرنا ہوتی ہے۔

عمر اکمل کی جانب سے پنڈورا بکس کھولے جانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویڈیو لنک پر 2 ماہ قبل عمر اکمل کا انٹرویو لیا تھا۔

عمر اکمل اِس وقت حبیب بینک کی جانب سے قائداعظم ٹرافی میں شرکت کررہے ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم میں پندرہ ماہ سے ان کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

 گزشتہ برس آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے عمر اکمل کو اَن فٹ قرار دے کر واپس بھیج دیا گیا تھا جس کے بعد وہ پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ میں بھی لاہور قلندرز کی جانب سے مسلسل ناکام رہنے کے بعد وہ ٹیم سے ڈراپ ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :