25 ستمبر ، 2018
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی مسلسل مایوس کن کارکردگی کے باوجود ایشین چیمپئن بننے کے لیے پرامید ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ سے پہلے پاکستان کی پرفارمنس بہت اچھی رہی اور سرفراز احمد ٹیم کو بہت اچھا لے کر چل رہے تھے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اچھی پرفارمنس کی وجہ سے پاکستان ٹیم پر دباؤ تھا کیوں کہ اس سے توقعات بہت زیادہ تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بری پرفارمنس کے بعد اب ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، وہ خود ابھی بھی کافی مثبت سوچ رہے ہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجھے تو یہ لگتا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ جیتے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تنقید ہوتی رہتی ہے اسے چیلنج کے طور پر لینا چاہیے، یہی ہمارے کھلاڑی ہیں اور یہی ہمارا مستقبل ہیں۔
خیال رہے کہ اب تک ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے جہاں گرین شرٹس بھارت کے خلاف اپنے دونوں میچز یک طرفہ مقابلے کے بعد ہارگئے جبکہ افغانستان کے خلاف بھی میچ میں کامیابی بمشکل نصیب ہوئی۔
کل پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف مدمقابل ہوگا۔ یہ میچ سیمی فائنل کی حیثیت رکھنا ہے کیوں اس کا فاتح فائنل میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔