25 ستمبر ، 2018
جنرل اسمبلی اجلاس میں خطاب شروع کرتے ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی تعریفوں کے پُل باندھے تو حاضرین اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے۔
خطاب شروع کرتے ہی صدر ٹرمپ نے کہا کہ دو سال سے بھی کم وقت کے عرصے میں ان کی حکومت نے اتنا کچھ کیا ہے جو اس پہلے ملکی تاریخ میں کسی حکومت نے نہیں کیا۔
اس دعوے کو سنتے ہی حاضرین نے ہنسنا شروع کیا تو ٹرمپ جھینپ گئے اور جھینپی ہوئی مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ وہ ایسے ردعمل کی توقع نہیں کررہے تھے لیکن پھر بھی ٹھیک ہے۔
اپنے خطاب کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران پڑوسی ممالک کی خودمختاری کا احترام نہیں کرتا لہٰذا تمام ممالک ایران کو اس کے جارحانہ رویے پر تنہا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت ماضی کے برعکس تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور میرے صدارت سنبھالنے کے بعد امریکا مضبوط اور محفوظ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکیوں کے لیے ملازمتوں میں اضافہ کیا ہے اور ہم امریکا کو سب سے مضبوط اور محفوظ ملک بنانا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہماری قوم دیگر اقوام کے حقوق کا خیال رکھتی ہے لہٰذا دوسرے ملکوں کو بھی امریکا کا خیال رکھنا ہوگا۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں کئی ممالک کے سربراہان مملکت اور دیگر آفیشل شریک ہیں جب کہ پاکستان کی جانب سے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیویارک پہنچے ہیں۔