Time 09 اکتوبر ، 2018
کھیل

پاکستانی بولنگ کے ہیرو بلال آصف کے کرکٹ کیریئر کے نشیب و فراز

مجھے یقین تھا کہ جس دن موقع ملا میں کارکردگی دکھاؤں گا، بلال آصف — فوٹو: بشکریہ پی سی بی 

دبئی میں آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بولنگ کے ہیرو بلال آصف کا کرکٹ کیریئر کئی نشیب و فراز کا شکار رہا ہے۔

پاکستان کے اسپنر بلال آصف کا کہنا ہے کہ کوشش کروں گا کہ اس کارکردگی کو مزید یادگار بناؤں اور دوسری اننگز میں مزید وکٹیں حاصل کرکے ڈیبیو کو ڈریم ڈیبیو میں تبدیل کروں۔

اکتوبر2015 میں بلال نے اپنا پہلا ون ڈے زمبابوے کے خلاف ہرارے میں کھیلا اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے لیکن دوسرے ہی ون ڈے میں انہوں نے 25 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں اچھی کارکردگی کے بعد ان کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا گیا، بولنگ ایکشن کلیئر ضرور ہوگیا لیکن اس کے اگلے ماہ انگلینڈ کے خلاف ابوظہبی میں اپنے کیریئر کا تیسرا اور آخری ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلا۔

بلال آصف نے گزشتہ سال پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا لیکن سری لنکا کے خلاف وہ کوئی ٹیسٹ نہ کھیل سکے۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 36 رنز کے عوض 6 وکٹیں لینے والے بلال آصف اپنی کارکردگی کا کریڈٹ ماضی کے عظیم اسپنر اور قومی اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کو دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے میں نے محنت جاری رکھی اور پاکستان ٹیم میں موقع کا منتظر تھا۔

انہوں نے کہا کہ بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد میں مشتاق احمد کا شکر گزار ہوں کہ ان کے ساتھ بہت محنت کی اور وہ مسلسل میری حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

بلال آصف کا کہنا تھا کہ انہوں نے تین سال مجھ پر محنت کی اور ان کی محنت کا مجھے آج صلہ ملا ہے، بولنگ ایکشن کو بھی درست کیا اور کئی کیمپ میں بھی شریک رہا۔

انہوں نے کہا کہ دبئی ٹیسٹ میں مجھے حتمی گیارہ کھلاڑیوں کا علم نہیں تھا، ابتداء میں میرا نام 12 کھلاڑیوں میں تھا لیکن مجھے یقین تھا کہ جس دن موقع ملا میں کارکردگی دکھاؤں گا۔

بلال آصف کا کہنا ہے کہ ابتداء میں وکٹ نہ ملنے پر دباؤ تھا کیوں کہ سامنے ورلڈ کلاس ٹیم تھی لیکن ساتھیوں نے مجھے اعتماد اور حوصلہ دیا اور میں نے اپنی بولنگ اور کارکردگی پر فوکس رکھا، میں ٹیم میں 110 فیصد کارکردگی دکھانا چاہتا تھا۔

33سالہ آف اسپنر بلال آصف کا کہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں 6 وکٹیں حاصل کرنے پر خوش ہوں اور کوشش کروں گا کہ اس کارکردگی کو مزید یادگار بناؤں اور دوسری اننگز میں مزید وکٹیں حاصل کرکے ڈیبیو کو ڈریم ڈیبیو میں تبدیل کروں۔

یاد رہے کہ بلال آصف نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 36 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مزید خبریں :