Time 16 اکتوبر ، 2018
پاکستان

کراچی: نیشنل ہائی وے پر ہائی ٹینشن وائر کی زد میں آکر ایک بچہ شدید زخمی


کراچی: شہرِ قائد کے علاقے نیشنل ہائی وے پر ہائی ٹینشن وائر گرگئی، جس کی زد میں آنے والا ایک بچہ جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہائی ٹینشن وائر گرنے کا یہ واقعہ نیشنل ہائی وے پر بن قاسم ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا، جس کی زد میں وہاں سے گزرنے والا ایک بچہ آگیا اور جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔

کچھ دیر بعد ایمبولینس پہنچی تو بچے کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے عزیزوں کی تلاش جاری ہے، کیونکہ اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز یا دستاویز نہیں مل سکی، جس سے اس کی شناخت یا گھر کا پتہ معلوم ہوسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے ہوش میں آنے کے بعد بیان لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے احسن آباد میں بھی بجلی کی تار گرنے سے ایک 8 سالہ بچے محمد عمر کے بازو جھلس گئے تھے اور انہیں کاٹنا پڑا تھا۔

حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی تاروں سے کرنٹ لگنے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے 11 اکتوبر کو سندھ کے شہر بدین کے قریب بجلی کی لٹکتی تاروں کی زد میں آکر ایک بچہ ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ 18 ستمبر کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں بھی ایک نجی اسکول میں لوہے کا پائپ بجلی کی تار سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک استاد اور 3 طلبا جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :