Time 18 اکتوبر ، 2018
کھیل

محمد عامر کو آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بھی ڈراپ کیے جانے کا امکان

ایشیا کپ کی خراب کارکردگی کے بعد عامر کو پہلے ٹیسٹ اور اب ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ کیا جارہا ہے— فوٹو: فائل

فاسٹ بولر محمد عامر کو خراب کارکردگی کی وجہ سے ایک بار پھر ڈراپ کیا جارہا ہے اور اس بار ان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی جگہ مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی آؤٹ آف فارم محمد عامر کا ٹیم میں جگہ بنانا ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔ ایک اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر وہاب ریاض کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ محمد عامر پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد سے پاکستانی ٹیم کا تینوں فارمیٹس میں مستقل حصہ رہے ہیں تاہم گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف تین وکٹوں کے شاندار اسپیل کے بعد سے ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور وہ آخری دس ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں صرف 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں جبکہ آخری پانچ ون ڈے میچوں میں انہیں کوئی بھی وکٹ نہیں مل سکی ہے۔

محمد عامر اس سال آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے میں بھی ٹیم میں شامل تھے لیکن ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں وہ انگلینڈ کی واحد اننگز میں 72 رنز دے کر صرف 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے تھے۔

فاسٹ بولر محمد عامر کو ایشیا کپ میں بھی ناقص کارکردگی پر ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا اور اب عامر ان دنوں قائد اعظم ٹرافی کھیل رہے ہیں۔

عامر کی جگہ عمید آصف اور وقاص مقصود میں سے کسی ایک کو شامل کرنے کی تجویز ہے۔ 26 سالہ محمد عامر پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹ میں کھیلتے تھے لیکن ایشیا کپ کی خراب کارکردگی کے بعد عامر کو پہلے ٹیسٹ اور اب ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ کیا جارہا ہے۔

وہ پاکستان کی جانب سے41 ٹی ٹوئنٹی میچز کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد پاکستان ٹیم میں واپس آنے کے بعد پہلی بار عامر کا ستارہ گردش میں ہے۔

ایک سال بعد عماد وسیم فٹ ہونے کے بعد پاکستان ٹیم میں واپس آرہے ہیں، گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف سیریز اور پاکستان سپرلیگ میں شرکت کے بعد عماد وسیم گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے۔ ایشیا کپ سے قبل وہ فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عماد وسیم اب فٹ ہوگئے ہیں۔

بیٹسمین بابراعظم بھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ بابر اعظم اور عماد وسیم زمبابوے کے خلاف جولائی میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض کا دبئی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں مایوس کن بولنگ کارکردگی کے بعد پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ تاہم آل راونڈر عماد وسیم کو محمد نواز کی جگہ پاکستان ٹیم میں شامل کیا جارہا ہے۔

پاکستان اے کی نمائندگی کرنے والے چار کھلاڑیوں آصف علی، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی کو آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم میں شامل کیا جارہا ہے۔

وہاب ریاض نے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں39 اور دوسری اننگز میں 42 رنز دیئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض اور عثمان صلاح الدین ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے دن کے بعد لاہور کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کوشیخ زاید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ سرفراز احمد (کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، عماد وسیم، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان شنواری، فہیم اشرف، حسن علی، شاداب خان اور عمید آصف

مزید خبریں :