25 اکتوبر ، 2018
ٹی ٹین لیگ میں پاکستان، بھارت اور دنیا کے صف اوّل کے کرکٹرز حصہ لیں گے، منتظمین نے لیگ کیلئے پی سی بی کو مطمئن کردیا ہے جس کے بعد شاہد آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ ،آصف علی، اکمل برادران سمیت بڑے پاکستانی کھلاڑی اس لیگ میں شریک ہوں گے۔
ٹی ٹین کے چیرمین شجیع الملک کا کہنا ہے کہ ٹی 10 لیگ دنیا کی بڑی لیگ ہوگی،امارات بورڈ بھی ہمارے ساتھ کھڑا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کے عوض معاوضے کی ادائیگی کی جارہی ہے لیکن معاہدے کے مطابق معاوضے کی رقم نہیں بتا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر محمد عامر ٹیسٹ ٹیم میں نہیں ہوئے تو وہ بھی لیگ میں شریک ہوں گے جبکہ بھارتی کرکٹرز کی شرکت بڑی کا میابی ہے۔ لیگ کی شفافیت کے حوالے سے پی سی بی اور آئی سی سی کو مطمئن کردیا ہے۔
دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال ٹورنامنٹ کا دورانیہ زیادہ ہے اس لیے پی سی بی کی فیس بھی زیادہ ہوگی۔ ٹی10 کو بدنام کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
20 پاکستانی کرکٹرز پی سی بی سے این او سی حاصل کرنے کے بعد ٹی 10 لیگ میں شرکت کریں گے جو 21 نومبر سے 2 دسمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی۔
ٹی 10 لیگ انتظامیہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو ٹی 10 لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں شرکت کیلئے این او سی جاری کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، لیگ کا دوسرا ایڈیشن 21 نومبرسے 2 دسمبر 2018 تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کو کہا تھا کہ وہ اپنے چند کھلاڑیوں کو ٹی لیگ 10 کھیلنے کیلئے این او سی دیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے اپنے اینٹی کرپشن یونٹ نے بھی اس کا مکمل جائزہ لیا ہے اور یہ بات بھی نوٹ کی گئی ہے کہ آئی سی سی نے اپنے رکن ممالک کے کرکٹ بورڈز سے کہا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو کرکٹرز کو لیگ کھیلنے کیلئے این او سی جاری کردیں۔
اس فیصلے کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ صف اول کے 20 پاکستانی کرکٹرز ٹی 10 لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں شرکت کریں گے جس میں دو آئیکون شاہد آفریدی اور شعیب ملک کے ساتھ ساتھ وہاب ریاض، سہیل تنویر، جنید خان، شان مسعود، سہیل خان، عمراکمل، محمدسمیع، محمد حفیظ، آصف علی اور دیگر کرکٹ کے ستارے شامل ہیں۔
یہ کھلاڑی اس 104 رکنی پول کا حصہ ہوں گے جس میں کرکٹ کھیلنے والے تمام بڑے ممالک کے کرکٹرز شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو 8 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے جو 2 گروپس میں تقسیم ہوں گی۔
ٹی 10 لیگ کے چیئرمین شجیع الملک نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے کہ اس نے اپنے کھلاڑیوں کو لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں شرکت کیلئے کلیئرنس دے دی۔ یہ فیصلہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ دیگر ممالک کے کرکٹرز کے بھی حوصلہ افزاء ہوگا اور ان کھلاڑیوں کے ٹیموں کا حصہ بننے سے 10 اوورز کے فارمیٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا اور پرستاروں کی بڑی تعداد محدود اوورز کے اس نئے فارمیٹ کی جانب متوجہ ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب تمام کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے کرکٹ ستارے شارجہ اسیٹڈیم میں ایکشن میں نظرآئیں گے اور اپنے کھیل سے پرستاروں کو محظوظ کریں گے۔
اس کے علاوہ لاکھوں مداح گھر بیٹھے کرکٹ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ یہ دنیائے کرکٹ کا ایک نیا دور ہے جس میں ٹی 10 لیگ کے ذریعے 10 اوورز کی محدود کرکٹ میں شائقین کرکٹ کھیل سے زیادہ محظوظ ہوں گے اور انہیں تفریح کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔
ٹی 10 لیگ کے پارٹنر اور منیجنگ ڈائریکٹر سعداللہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے سے ٹی 10 لیگ کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ جنوبی ایشیا اور دنیا کے دیگر ممالک کے کھلاڑی ایک ہی مقام اور ایک ہی ٹیم میں کھلا سکیں گے، اس موقع پر میں دنیائے کرکٹ کے ان نامور ستاروں کو خوش آمد کہتا ہوں جنہوں نے ٹی 10 لیگ جوائن کی۔