Time 04 نومبر ، 2018
پاکستان

کراچی: پولیس مقابلے میں ہلاک عبداللہ کے بھائی کا مقابلہ جعلی ہونے کا الزام


 کراچی: نبی بخش تھانے کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک عبداللہ کے بھائی نے مقابلہ جعلی ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

عبداللہ کے بھائی معید کا کہنا ہے کہ عبداللہ کی عمر 60 سال ا ور وزن 180 کلو سے زائد تھا بھائی دودھ لینے گیا تھا، بعد میں مقابلے کی اطلاع ملی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ صحیح طرح چل بھی نہیں سکتا تھا نہ موٹر سائیکل چلا سکتا تھا، اسے ڈکیت بنا کر جعلی مقابلے میں مار دیا گیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ عبداللہ کے جرائم کی تفصیلات ریکارڈ آفس سے حاصل کرلی ہیں  جس کے خلاف مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم 31 اکتوبر کو دو ساتھیوں کے ساتھ لوٹ مار کر رہا تھا، جن افراد کو لوٹا جا رہا تھا ان کا سامان بھی ملزم سے برآمد ہوا جب کہ آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ اور ایس ایس پی سٹی سے علیحدہ علیحدہ رپورٹ بھی طلب کرلیں ہیں۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور سبزہ زار میں بھی ڈولفن فورس کے اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے بھی ایک نوجوان جاں بحق ہوا تھا۔

جس کے بعد لواحقین نے لاش کے ہمراہ بابو صابو انٹرچینج پر احتجاج کیا، لواحقین کے مطابق عمیر ذہنی طور پر معذور تھا اور اسے مرگی کے دورے پڑتے تھے، ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے جان بوجھ کر فائرنگ کی جس سے عمیر دم توڑ گیا۔

مزید خبریں :