Time 07 نومبر ، 2018
کھیل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پی سی بی سے مالی تعاون کی درخواست

احسان مانی نے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے مسائل وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی، ذرائع۔ فوٹو: فائل

قومی کھیل ہاکی شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اور ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سے مالی تعاون کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی سے رابطہ کیا اور ہاکی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی، دونوں کے درمیان 15 سے 20 منٹ تک گفتگو جاری رہی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ توقیر ڈار نے احسان مانی سے مالی تعاون کی اپیل کی تاہم چیئرمین پی سی بی نے کی ہاکی فیڈریشن کی مالی مدد سے معذرت کر لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی نے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے مسائل وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

توقیر ڈار نے تجویز پیش کی کہ حکومت ورلڈ کپ کے لئے کھلاڑیوں کو براہ راست فنڈز دے، کھلاڑیوں کو دیگر واجبات بھی براہ راست ادا کیے جائیں۔

توقیر ڈار نے کہا کہ بھارت میں ہوٹل کے واجبات بھی حکومت براہ راست ادا کرے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے ہاکی کی معاشی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہاکی معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر نے حکومت کو مالی تعاون کے لیے خط لکھا تھا جس میں 8 روپے فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

مزید خبریں :