16 نومبر ، 2018
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے درمیان قانونی جنگ میں شدت آگئی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ نجم سیٹھی اس کیس میں پی سی بی کے خلاف ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔
پی سی بی کو نجم سیٹھی کے خلاف غلط معلومات فراہم کرنے والے افسر کو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا جبکہ دو بڑی تقرریاں جلد کی جائیں گی۔
نجم سیٹھی نے جمعے کو احسان مانی کو ایک اور قانونی نوٹس بھیج دیا ہے جس میں غلط اعداد وشمار جاری کرنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ میرے قانونی نوٹس کے جواب میں پی سی بی نے غلط اعداد وشمار بتائے۔ پاکستان سپر لیگ میں مجھے جاری کیے گئے چیک کی معلومات بھی درست نہیں ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ میں جواب سے مطمئن نہیں ہوں، احسان مانی کردار کشی کرنے پر مجھ سے معافی مانگیں۔
نجم سیٹھی کی جانب سے ایک قانونی فرم کے ذریعے بجھوائے گئے نوٹس میں سی بی کی طرف سے 9 نومبر کو بھجوائے جانے والے جواب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بورڈ نے 20 اگست تک شفافیت اور احتساب کی کوئی پالیسی ہی نہیں بنائی تھی، جس کے تحت بورڈ عہدیداروں کے اخراجات کی تفصیلات ویب سائٹ پرجاری کی جاتیں، نہ ہی اس اقدام کیلئے بورڈ آف گورنرز سے منظوری لی گئی تھی۔ اخراجات اس وقت چیئرمین پی سی بی نے کیے نجم سیٹھی نے ذاتی حیثیت میں نہیں کئے تھے۔ تفصیلات جاری کرنے کا مقصد شہرت داغدار کرنے کے سوا کچھ نہیں۔
نوٹس میں نجم سیٹھی کی جانب سے ایک بار پھر نئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کیلئے فرنشڈ گھر کی خریداری کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا یہ دعویٰ بھی جھوٹ پر مبنی ہے کہ مجھے ایک کروڑ 41 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ پھر ایک اور غلط دعویٰ کیا گیا کہ 10 اگست کو چیک کے ذریعے60 لاکھ 64 ہزار 516 روپے کی ادائیگی کی گئی۔ اب پی سی بی اعتراف کررہا ہے کہ یہ ادائیگیاں کبھی کی ہی نہیں گئیں۔
نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجھ سے اس وقت کے پیسے بھی منسوب کئے گئے ہیں جب میں چیئرمین پی سی بی ہی نہیں تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نجم سیٹھی کے دور میں کام کرنے والے چیف فنانشل آفیسر بدر منظور کو ملازمت سے سبکدوش کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ بدر منظور اس وقت آئی سی سی کا ایک کورس کرنے کیلئے دبئی گئے ہوئے ہیں جبکہ بھاری معاوضے پر نئے منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر میڈیا کو لانے کی تیاری بھی ہورہی ہے۔
احسان مانی نے اعتراف کیا ہے کہ ایم ڈی کو 20 لاکھ اور ڈائریکٹر میڈیا کو 10 لاکھ روپے کا پیکج شفاف انداز میں دیا جارہا ہے کیوں کہ ہم ان عہدوں پر قابل لوگوں کو لارہے ہیں جو کم تنخواہ میں کام نہیں کرسکتے۔
جب نمائندہ جیو نے انہیں پی ٹی وی کے سابق چیئرمین عطاء الحق قاسمی کیس میں سپریم کورٹ رولنگ کا حوالہ دیا تو احسان مانی نے کہا کہ تمام مراحل شفافیت کے ساتھ طے کرکے اہل اور قابل شخص ان عہدوں پر لائے جائیں گے۔