Time 25 نومبر ، 2018
پاکستان

کراچی: حسن اسکوائر کے سروس روڈ پر قائم فوڈ اسٹریٹ ختم کردی گئی


کراچی: سپریم کورٹ کے حکم پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت انسداد تجاوزات ٹیم نے حسن اسکوائر کے سروس روڈ پر قائم فوڈ اسٹریٹ بھی ختم کردی گئی۔

کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) حکام کا کہنا ہے کہ حسن اسکوائر کے سروس روڈ پر قائم فوڈ اسٹریٹ ختم کردی گئی ہے جب کہ بیت المکرم اور عقب میں واقع مارکیٹ کی تجاوزات بھی گرا دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حسن اسکوائر سے سفاری پارک تک تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا اور اب اگلے مرحلے میں صفورہ گوٹھ تک تجاوزات مکمل ہٹائی جائیں گی۔

کے ڈی اے اسٹیٹ انفورسمنٹ سیل نے کارروائی کر کے نيشنل اسٹیڈیم کے قریب قائم جوناگڑھ لان بھی اکھاڑ دیا۔

دوسری جانب غير قانونی تعميرات اور تجاوزات کے خلاف بلديہ عظمیٰ کراچی نے بھی آپريشن کا آغاز کردیا ہے اور برنس روڈ کے قریب مشينری کے ذریعے دکانوں کے چھجے، چبوترے اور اضافی حصے مسمار کر دیے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر سے تجاوزات ہٹانے کے معاملے پر قائم مقام چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس میں قائم مقام چیف جسٹس نے تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھنے اور شہر میں پرانی جھیلیں اور پارک بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ شہر کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے جو 30 سال پہلے تھی، تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں جائے گی۔

انسداد تجاوزات ٹیم کی جانب سے صدر ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا جاچکا ہے جب کہ لائٹ ہاؤس اور جامع کلاتھ پر بھی غیر قانونی تعمیرات گرادی گئی ہیں۔

مزید خبریں :