06 دسمبر ، 2018
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کریگ میک مِلن کہتے ہیں کہ کپتان کین ولیمسن کی 19 ویں ٹیسٹ سنچری اور ہنری نکلولس کی بیٹنگ کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 60 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد دونوں نے کمال مہارت کے ساتھ پورے دن بیٹنگ کی، چوتھے دن ہمیں امید نہیں تھی کہ ہم اتنا شاندار کھیل پیش کر یں گے لیکن ایسا ہوا اور اس کا سارا سہرا ولیمسن اور ہنری کو بجا طور پر دینا پڑے گا۔
42 سالہ میک مِلن نے کہا کہ ٹیسٹ کے نتیجے کے بارے ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا،جیت ، ہار اور ڈرا کچھ بھی ہو سکتا ہے کیوں کہ یہ کھیل ہے اور اس میں سب کچھ ممکن ہے۔
نیوزی لینڈ کیلئے 55 ٹیسٹ اور 197 ون ڈے اور 8 ٹی 20 کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے سابق بیٹسمین نے کہا کہ ابھی ہماری پاکستان کیلئے ہدف کے بارے میں کپتان سے کوئی بات نہیں ہوئی، رات میں سوچیں گے اور صبح کچھ فیصلہ کریں گے، البتہ ایک بات ضرور کہنا چاہوں گا کہ 1969ء سے ہم پاکستان سے ٹیسٹ سیریز نہیں جیتے تو یہ ضرور ایک اچھا موقع ہو سکتا ہے۔
یاسر شاہ کی 200 وکٹیں مکمل ہونے کے سوال پر میک مِلن نے کہا کہ ورلڈ کلاس یاسر شاہ بہترین صلاحیتوں کے حامل بولر ہیں ان کی تعریف تو بنتی ہے۔