03 اگست ، 2012
اسلام آباد … بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود ہے اور بعض علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔اگلے 2 روز کے دورا ن ان علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ آج اسلام آباد، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ،سرگودھا ، گوجرانوالہ ، لاہور ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز خیبر پختونخوا، پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقوں کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواوٴں کے ساتھ مزید بارش ہوگی۔ اس دوران بعض مقامات پر پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ دوسری جانب دادو ، نورپورتھل، موہنجو داڑو 44 ڈگری کے ساتھ گرم ترین مقامات رہے۔ پشاور اور گلگت 41 ، لاہور 39 ڈگری ، اسلام آباد 37 کوئٹہ 36 اور مری میں زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری رہا۔ دوسری جانب بلوچستان آج بھی گرمی کی لپیٹ میں رہا،سب سے زیادہ گرمی دالبندین میں پڑی جہاں درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف شہروں میں درجہ حرارت اس طرح رہے، کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ 37،سبی 42، ژوب 41، تربت 40، خضدار 39،بارکھان میں 38اور گوادر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مکران، ژوب،نصیر آباد،قلات،سبی اور کوئٹہ ڈویژن میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔